کانگریس، کسانوں کی زندگیوں کو بدل دے گی

صدرپردیش کانگریس کمیٹی این اتم کمارریڈی نے تیقن دیا کہ آئندہ انتخابات میں برسراقتدار آنے کے بعد کانگریس، کسانوں کی زندگیوں کو بدل کر رکھ دے گی۔ کسانوں کو پیداوار پر نہ صرف اقل ترین امدادی قیمت ادا کرے گی بلکہ کسانوں کے بچوں کو تعلیم اور علاج کی مفت سہولت فراہم کرے گی اور حادثہ کی صورت میں ان کا انشورنس کروایا جائے گا۔ اتم کمارریڈی آج کوداڑ اسمبلی حلقہ میں جہاں سے ان کی اہلیہ پدما وتی اتم ریڈی نمائندگی کرتی تھیں، رعیتو گرجنا سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑے چار سال کے دوران ٹی آر ایس حکومت نے کسانوں کو تباہ و تاراج کردیا۔ کسانوں کو نہ ہی مرکزی حکومت اور نہ ہی تلنگانہ کی حکومت نے اقل ترین امدادی قیمت ادا کی ہے۔ کسانوں کے لئے کراپ انشورنس اسکیم کو روبہ عمل نہیں لایا گیا جس کی وجہ سے آفات سماوی یا پھر خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کو ان کے نقصانات پر انہیں کوئی معاوضہ حاصل نہیں ہوا۔ ٹی آر ایس دور اقتدار میں 4500 کسانوں نے خودکشی کرلی۔ انہوں نے تیقن دیا کہ برسراقتدار آنے کے بعد کانگریس اندرون ایک ماہ کسانون کے 2 لاکھ روپیہ کے قرض کو یکمشت معاف کردے گی۔ انہوں نے ٹی آر ایس قائدین کے ان خدشات کو مسترد کردیا کہ کانگریس کے اعلانات ناقابل عمل ہیں۔ انہوں نے تیقن دیا کہ رعیتو بندھو اسکیم کے تحت قولدار کسانوں کو بھی دیگر کسانوں کے مماثل حقوق دئے جائیں گے۔ جلسہ کو پدماوتی ریڈی سابق ایم ایل اے، کے اوپیندر ریڈی، صدر رعیتو راجیم فلم پروڈیوسر بنڈلہ گنیش، اے ناگی ریڈی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

جواب چھوڑیں