کے سی آر ، امکانی شکست سے خوفزدہ : پروفیسرکودنڈا رام

تلنگانہ جنا سمیتی ( ٹی جے ایس ) کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے اتوار کو الزام عائد کیا کہ نگرانکار چیف منسٹر و ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ، اسمبلی انتخابات میں امکانی شکست سے خوفزدہ ہیں۔ اس خوف میں وہ، اپوزیشن قائد ین کے خلاف غیر شائستہ الفاظ استعمال کررہے ہیں۔ پارٹی آفس میں آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ کے سی آر کے دور حکومت میں ریاست انار کی شکار ہے اور وہ اپوزیشن قائدین کے خلاف الزام تراشی کے دوران جذبات سے بے قابو ہورہے ہیں اپوزیشن نے کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لئے مہا کوٹمی تشکیل دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ریاست کو مطلق العنان حکمراں سے نجات دلانے کیلئے ہم مشترکہ طور پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ آنے والے دن ہمارے رہیں گے ۔ عوام کے رجحان کو دیکھتے ہوئے وہ یہ بات کہہ رہے ہیں کہ ہم نشستوں کی تقسیم اور دیگر مسائل کی یکسوئی کے قطعی فیصلہ پر پہنچ جائیں گے اس کے بعد ہم اپنی پوری طاقت سے انتخابی مہم چلائیںگے۔ مہا کوٹمی کے قائدین اپنے مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام کے توقعات کے عین مطابق مہم چلائیں گے ۔ ہمیں یقین ہے کہ دیگر جماعتیں بھی اس ضمن میں ہمارا تعاون کریں گی۔

جواب چھوڑیں