ہندوستان میں روہنگیاؤں کی تعداد 18 ہزار : یواین ایچ سی آر

 اقوام متحدہ کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ مختلف مقامات پر لگ بھگ 18ہزار روہنگیا پناہ گزیں موجود ہیں جنہوں نے ہندوستان میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزیناں (یواین ایچ سی آر) کے پاس اپنا اندراج کرایا ہے۔ 7 نسلی روہنگیا مسلمانوں کے حالیہ اخراج پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے یواین ایچ سی آر کے ترجمان نے یواین آفس جنیوا میں میڈیا نمائندوں سے کہا کہ ہم ہندوستانی حکام سے وضاحت طلب کرتے رہیں گے کہ کن حالات میں ان افراد کو میانمار واپس بھیجا گیا۔ رجسٹرڈ پناہ گزینوں کو یواین ایچ سی آر شناختی کارڈ جاری کرتا ہے جس سے وہ من مانی گرفتاری، حراست اور اخراج سے بچ سکتے ہیں۔ ہندوستان سے 7 روہنگیاؤں کو اُس وقت میانمار واپس بھیجاگیا جب سکریٹری جنرل اقوام متحدہ نئی دہلی کے دورہ پر آئے ہوئے تھے۔ ان ساتوں افراد کو ریاست آسام کی سلچر جیل سے بنگلہ دیش سے متصل سرحد پہنچایاگیا۔ منی پور میں سرحد پر انہیں میانمار کے حکام کے حوالے کیاگیا۔ یواین ایچ سی آر نے اس کا پتہ چلنے پر ہندوستانی حکام سے گذارش کی کہ اس گروپ تک اسے رسائی دی جائے۔ یواین ایچ سی آرترجمان کے بموجب اقوام متحدہ کی ایجنسی کو ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا ہے۔

جواب چھوڑیں