حفیظ نے اہلیہ اور شعیب اختر کے کہنے پر ریٹائرمنٹ نہیں لی

آسٹریلیا کے خلاف دبئی ٹسٹ میں شاندار سنچری بنانے والے محمد حفیظ کے بارے میں ایک سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔ خبر یہ ہے کہ محمد حفیظ نے پاکستان کی ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے کی وجہ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا تھا تاہم سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے انہیں فون کرکے یہ بڑی غلطی کرنے سے روک دیا ۔ تقریباً دو سال بعد پاکستان کی ٹسٹ ٹیم میں واپسی کرتے ہوئے حفیظ نے ٹسٹ کیریر کی اپنی 10 ویں سنچری بنائی۔ پہلے دن کے کھیل کے بعد انہوں نے بتایا کہ کس طرح سے وہ ریٹائرمنٹ کو لیکر اپنا حتمی فیصلہ کرچکے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ گزشتہ مہینوں میں میں کئی پریشانیوں سے گزرا‘ میں کچھ سخت قدم اٹھانے جارہا تھا لیکن میری اہلیہ نے مجھے روک لیا۔ اس مشکل وقت میں خاص کر شعیب اختر بھائی نے مجھے فون کرکے یہ بڑا فیصلہ کرنے سے روکا اور سمجھایاکہ ابھی بہت کچھ باقی ہے۔ محمد حفیظ نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر بھی شعیب اختر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے لگتاہے کہ اللہ نے میرے کیلئے کچھ اچھی چیزیں پلان کی تھیں، میں اس وقت شاید کچھ اور ہی ہوتا حالانکہ مجھے لگتا تھاکہ یہ وہ جگہ ہے جہاں میں واپسی کرنا چاہتا تھا۔ جب میں ٹیم میں واپس آیا تو سبھی ساتھی کھلاڑیوں نے میرا استقبال کیا اور مجھے پراعتماد بنایا جس کی وجہ سے مجھ میں توانائی آئی اور میں اس واپسی سے کافی خوش ہوں۔ واضح رہے کہ پاکستانی سلکٹرس نے محمد حفیظ کو گذشتہ ماہ یو اے ای میں کھیلے گئے ایشیاء کپ کیلئے نظرانداز کردیاتھا جس کے بعد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی اختیار کرلینے پر غور شروع کردیاتھا۔تاہم ٹسٹ سیریز کیلئے انہیں دوبارہ ٹیم میں طلب کرلیاگیا۔

جواب چھوڑیں