رافیل سے ہماری صلاحیت بڑھے گی: ایر چیف مارشل

 فضائیہ کے سربراہ ایر چیف مارشل بی ایس دھنوا نے پیر کے دن کہا کہ رافیل لڑاکا طیارہ‘ ایس 400 مزائل سسٹم اور اپاچی و چینوک ہیلی کاپٹرس کی شمولیت کے بعد ہندوستانی فضائیہ کی صلاحیت قابل لحاظ حد تک بڑھ جائے گی۔ انہوں نے ہنڈن ایربیس میں فضائیہ کے قیام کی 86 سالہ تقاریب کے موقع پر عہدیداروں سے خطاب میں کہا کہ ہم نیا لڑاکا سسٹم حاصل کرنے والے ہیں۔ 36 رافیل لڑاکا طیارے‘ ایس 400 مزائل سسٹم ‘ اپاچی ہیلی کاپٹرس اور چینوک ہیوی لفٹ ہیلی کاپٹرس ہماری صلاحیت اور بھی بڑھادیں گے۔ فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت اور بحریہ کے سربراہ اڈمیرل سنیل لامباکے علاوہ سابق کرکٹر سچن تنڈولکر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سچن تنڈولکر‘ ہندوستانی فضائیہ کے اعزازی گروپ کپتان ہیں۔ ایر چیف مارشل نے کہا کہ 36 ر افیل لڑاکا طیارے ایمرجنسی میں خریدے گئے اور ہندوستان نے اچھی معاملت کی ہے۔ ہندوستان نے امریکی تحدیدات کی پرواہ نہ کرتے ہوئے روس سے ایس 400 مزائل سسٹم خریدنے گذشتہ ہفتہ 39 ہزار کروڑ روپے کی معاملت طے کی ہے۔ فضائیہ کی سب سے بڑی مشق گگن شکتی کے تعلق سے دھنوا نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ ملک کے دفاع کو درپیش کوئی بھی چیلنج کا سامنا کرنے ہمیشہ تیار ہے۔ ہنڈن ایربیس نئی دہلی کے قریب غازی آباد میں واقع ہے۔

جواب چھوڑیں