رام مندر کیلئے ہڑتال کرنے والا سادھو ہسپتال منتقل

 ایودھیا میں رام مندر کی جلد تعمیر پر زور دینے بھوک ہڑتال کررہے سادھو کو اترپردیش کے ایودھیا ٹاؤن کی پولیس نے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ پولیس نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ حالت بگڑنے پر سادھو کو کل نصف شب ہسپتال میں شریک کرادیا گیا۔ مہنت پرمہنس داس کی حالت بگڑگئی تھی اسی لئے پولیس کو مداخلت کرنی پڑی۔ مہنت کو سنجے گاندھی پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس میں شریک کرایا گیاجہاں کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مہنت کی حالت نازک ہے۔ جسم میں پانی گھٹ گیا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر راکیش کپور‘ مہنت کے علاج کی نگرانی کررہے ہیں۔ ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ مہنت کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے اور کسی کو بھی سادھو سے ملنے کی اجازت نہیں۔ سابق صدر وی ایچ پی پروین توگڑیہ‘ ایودھیا پہنچ چکے ہیں۔ وہ احتجاجی سادھو سنتوں کو منانے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ پولیس کارروائی کے خلاف سادھو سنتوں میں برہمی ہے۔ ہفتہ کے دن یوپی کے وزیر صنعت ستیش مہانا نے مہنت پرم ہنس داس سے ملاقات کی تھی اور بھوک ہڑتال ختم کرانے کی کوشش کی تھی۔

جواب چھوڑیں