روہت شرما آئندہ سیریز میں بھی ٹیم انڈیا کے کپتان!

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ سیریز کھیلنے کے بعد ٹیم انڈیا اس ٹیم سے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی ٹکرانے والی ہے۔ ویسٹ انڈیز نے ٹی ٹوئنٹی کیلئے مضبوط ٹیم منتخب کی ہے تاہم ایک روزہ سیریز میں مہمان ٹیم نے اپنے اسکواڈ میں کافی غیر تجربہ کار کھلاڑیوں کو جگہ دی ہے۔ ایسے میں اب مانا جارہا ہے کہ ٹیم انڈیا کے سینئر کھلاڑی خاص کر جو تینوں فارمیٹ میں کھیلتے ہیں وہ ایک روزہ سیریز میں آرام کریں گے۔ ویراٹ کوہلی، جسپریت بمراہ اور بھونیشور کمار جیسے کھلاڑیوں کو آرام دیاجا سکتاہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میاچس کی سیریز میں اگر ویراٹ کوہلی آرام کرتے ہیں تو روہت شرما ایک مرتبہ پھر ٹیم کی قیادت سنبھال سکتے ہیں۔ وہیں سلیکٹرس ویسٹ انڈیز کے خلاف انڈیا اے اور انڈیا بی میں کھیل رہے کھلاڑیوں کو بھی موقع دے سکتے ہیں۔ دراصل ویسٹ انڈیز سیریز ورلڈ کپ سے پہلے آخری ایسی سیریز ہے جس میں تجربہ کیاجا سکتاہے۔ اس کے بعد ٹیم انڈیا آسٹریلیا کے دورہ پر جائے گی اور اس کے بعد اس کو نیوزی لینڈ کا دورہ کرناہے جہاں ٹیم میں شاید ہی تجربہ کیا جائے۔ ٹیم انڈیا کے سلیکٹرس نے اگر ویسٹ انڈیز ونڈے سیریز میں تجربہ کیا تو کئی نوجوان کھلاڑیوں کو آزمایا جاسکتاہے۔ ریشب پنت کو ونڈے سیریز میں موقع دیا جاسکتا ہے۔ ٹی 20 سیریز میں بھی وہ کھیل سکتے ہیں۔ حالانکہ ٹیم انڈیا دھونی کو بھی ٹیم میں رکھے گی کیونکہ وہ ٹسٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد سے کافی کم کرکٹ کھیل رہے ہیں جس کا اثر ان کی بلے بازی پر پڑ رہاہے۔ یہی نہیں سینئر کھلاڑی آر اشون کو بھی ایک مرتبہ پھر ایک روزہ سیریز میں آزمایا جاسکتا ہے۔ کیونکہ آئندہ سال ہونے والے ورلڈکپ میں اشون کا تجربہ کافی کام آسکتاہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ یو اے ای میں کھیلے گئے ایشیاء کپ میں بھی کپتان ویراٹ کوہلی کو آرام دیاگیاتھا۔

جواب چھوڑیں