شمالی کوریا‘ جوہری تنصیبات معائنہ کاروں کیلئے کھولنے تیار: مائیک پومپیو

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اْن بین الاقوامی معائنہ کاروں کو شمالی کوریا کی جوہری اور میزائل تنصیبات میں داخلے کی اجازت دینے پر تیار ہیں۔پومپیو جنہوں نے اتوار کو پیونگ یانگ کے مختصر دورے کے دوران کم جونگ سے ملاقات کی تھی ،،، انہوں نے بتایا کہ معائنہ کاروں کی ٹیم میزائلوں کے انجن ٹیسٹ کرنے کی تنصیب اور جوہری تجربات کے مقام ‘بونجی ری’ کا دورہ کرے گی۔ یہ دورہ فریقین کے بیچ لوجسٹک امور پر اتفاق رائے ہونے کے فوری بعد کیا جائے گا۔امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ کم جونگ کی طرف سے گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پیش کی گئی دوسری سربراہ ملاقات کی تجویز پر عمل کے سلسلے میں دونوں ممالک ‘اتفاق رائے’ کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں۔اس سے قبل شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ کِم جونگ اْن نے اتوار کے روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو “فائدے مند اور شان دار” قرار دیا۔ادھر جنوبی کوریا میں صدارتی دفتر نے بتایا ہے کہ کم جونگ اور پومپیو “جلد از جلد ممکنہ وقت میں” شمالی کوریا کے سربراہ اور امریکی صدر کے درمیان ملاقات کے انتظامات پر متفق ہو گئے ہیں۔کوریا کی مرکزی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کم جونگ نے مائیک پومپیو کے ساتھ مثبت انداز سے جزیرہ نما کوریا میں بدلتی صورت حال کا جائزہ لیا۔ اس دوران جوہری ہتھیاروں کی تلفی کا معاملہ حل کرنے اور دو طرفہ اہمیت کے امور کے حوالے سے تجاویز تفصیلی طور پر زیر بحث آئیں۔اس سے قبل مائیک پومپیو نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ “ان کا پیانگ یانگ کا دورہ اور کِم جونگ سے ملاقات اچھی رہی ہے۔ ہم سنگاپور سربراہ اجلاس میں طے پانے والے سمجھوتوں پر مسلسل پیش رفت کر رہے ہیں۔ میں اپنی اور اپنی ٹیم کی مہمان نوازی پر ان کا شکر گزار ہوں۔امریکی وزیر خارجہ کے وفد میں شامل ایک عہدے دار کا کہنا تھا کہ “شمالی کوریا کے دورے میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔ شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اْن سے ملاقات ہوئی ہے لیکن ابھی مفید نتائج برآمد ہونے میں بہت وقت لگے گا۔امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اْن کے ساتھ اْن کی ملاقات بہت اچھی رہی۔ تاہم ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔اْنہوں نے شمالی کوریا کے اپنے چوتھے دورہ کے بعد جنوبی کوریا پہنچنے پر کہا کہ کم جونگ اْن سے ملاقات کے دوران شمالی کوریا کی طرف سے اپنے جوہری پروگرام کے سلسلے وار خاتمہ کے اقدامات پر بات کی گئی۔ اْنہوں نے کہا کہ ملاقات میں امریکی صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اْن کے درمیان دوسری سربراہ ملاقات جلد از جلد منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔پومپیو شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان سے ملاقات کر کے جنوبی کوریا پہنچے جہاں جنوبی کوریا کے صدر مون جائے اِن کے ساتھ اْن کی ملاقات ہوئی۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ اور شمالی کوریا نے کم ٹرمپ سربراہی اجلاس کے لئے تاریخ اور مقام کا تعین کرنے کے لئے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔صدر ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ کم اور پومپیو کی ملاقات اچھی رہی اور اس دوران اچھا تعلق قائم ہوا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ اس کی تفصیلات پر کام کیا جا رہا ہے۔ جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ تمام دنیا اور خود شمالی کوریا کیلئے بہت اچھی بات ہو گا۔پومپیو نے اپنی ملاقات کے بعد ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ان کا پیانگ ینگ کا دورہ اچھا رہا جہاں انہوں نے چیئر مین کم سے ملاقات کی۔

جواب چھوڑیں