گیل کے بغیر ویسٹ انڈیز کی ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان

ویسٹ انڈیز کے جارح بلے باز کرس گیل ہندوستان کے ساتھ 21 اکتوبر سے شروع ہونے والی ونڈے اور ٹوئنٹی 20 کرکٹ سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوںگے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ (ڈبلیو آئی سی بی) نے آج سیریز کیلئے اپنی ونڈے اور ٹوئنٹی ٹیموں کا اعلان کردیا لیکن سلامی بلے باز گیل کو محدود اوور کے فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز کا حصہ نہیں بنایا گیاہے جنہوں نے ذاتی وجوہات کی بناء پر سیریز سے باہر رہنے کا فیصلہ کیاہے۔ واضح رہے کہ بائیںہاتھ کے جارحانہ بلے باز کریس گیل نے حال ہی میں لسٹ اے کرکٹ کو بھی الوداع کہہ دیا تھا۔ گیل کے علاوہ آل رائونڈر دیون براوو دونوں فارمیٹ کی ٹیموں میں شامل نہیں ہیں تاہم کرن پولارڈ اور آندرے رسل کی ٹی ٹوئنٹی میں واپسی ہوئی ہے۔ فاسٹ بولر جیسن ہولڈر ونڈے جبکہ کارلوس براتھویٹ ٹی ٹوئنٹی کی قیادت کریں گے۔ سلکٹرس نے ونڈے اسکواڈ میں 3 نئے چہروں کو جگہ دی ہے جس میں سابق اسٹار بلے باز شیونارائن چندرپال کے فرزند چندرپال ہیمراج بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فیبین ایلن اور اوشانے تھامس بھی ونڈے اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے جبکہ تجربہ کار فارٹ بولر کیمار روچ کی بھی واپسی ہوئی ہے۔ پولارڈ اور رسل کے علاوہ بائیں ہاتھ کے بلے باز ڈیرن براوو کو بھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 5 میاچس کی ونڈے سیریز کا پہلا مقابلہ 21 اکتوبر کو گوہاٹی میں کھیلا جائے گا جبکہ 3 میاچس کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میاچ 4 نومبر کو کولکتہ کے ایڈن گارڈن پر کھیلا جائے گا۔ ونڈے اسکواڈ اس طرح ہے۔ جیسن ہولڈر (کپتان)‘ فابین ایلن‘ سنیل امبرس‘ دیویندر بشو‘ چندرپال ہیمراج‘ شمرون ہٹمیئر‘ شائی ہوپ‘ (وکٹ کیپر)‘ الزاری جوزف‘ ایون لیوس‘ ایشلے نرس‘ کیمو پال‘ روومیان پاویل‘ کیمار روچ‘ مارلن سیموئلس‘ اوشانے تھامس۔

جواب چھوڑیں