دہلی کے وزیر کیلاش گہلوت کے خلاف انکم ٹیکس دھاوے۔ 16 مقامات پر تلاشی

انکم ٹیکس عہدیداروں نے چہارشنبہ کے دن دہلی کے کابینی وزیر کیلاش گہلوت اور ان کے ارکان خاندان کے 16 مکانات اور کاروباری اداروں پر قومی دارالحکومت اور گروگرام میں دھاوے کئے۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ محکمہ انکم ٹیکس کی ترجمان سُبھی اہلووالیہ نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ گہلوت اور ان کے ارکان خاندان کی 2 کمپنیوں برسک انفرااسٹرکچر اینڈ ڈیولپر پرائیوٹ لمیٹڈ اور کارپوریٹ انٹرنیشنل فینانشیل سرویسس پرائیوٹ لمیٹڈ پر دھاوے کئے گئے۔ کیلاش گہلوت ‘ دہلی کابینہ میں وزیر ٹرانسپورٹ‘ قانون‘ مال‘ انفارمیشن ٹکنالوجی اور انتظامی اصلاحات ہیں۔ مختلف مقامات پر بشمول وسنت کنج‘ پشچم وہار‘ نجف گڑھ اور گروگرام دھاوے ہوئے۔ عام آدمی پارٹی نے دھاوؤں کو سیاسی انتقام کا نتیجہ قراردیا ہے۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے ہندی میں ٹویٹ کیا کہ نیرؤ مودی‘ وجئے مالیا سے دوستی اور ہم پر دھاوے ؟ ۔ مودی جی آپ نے مجھ پر ‘ ستیندر جین اور منیش سسودیہ پر دھاوے کرائے۔ کیا ہواڈ کچھ ملا آپ کو؟ آپ کو کچھ نہیں ملا۔ دہلی کی منتخبہ حکومت پر ایک اور دھاوا کرانے سے قبل کم ازکم دہلی سے معافی مانگیں۔ عام آدمی پارٹی نے کہا کہ وہ دہلی کے عوام کی خدمت میں مصروف ہے جبکہ بی جے پی ‘ عام آدمی پارٹی کے وزرا اور قائدین پر دھاوے کرارہی ہے۔ اے اے پی نے ٹویٹ کیا کہ سیاسی انتقام جاری ہے۔ ہم عوام کو سستی برقی دے رہے ہیں۔ مفت پانی اور اچھی طبی و تعلیمی خدمات عوام کو فراہم کررہے ہیں۔ ہم سرکاری خدمات لوگوں کے گھر تک پہنچارہے ہیں جبکہ بی جے پی ‘ سی بی آئی اور ای ڈی کو ہمارے وزرا اور قائدین پر دھاوؤں کے لئے مجبور کررہی ہے۔ عوام سب دیکھ رہے ہیں اور 2019 میں جواب دیں گے۔ پی ٹی آئی کے بموجب محکمہ انکم ٹیکس نے چہارشنبہ کے دن ٹیکس چوری کیس میں دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت کے کئی مکانات /کمپنیوں کی تلاشی لی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ قومی دارالحکومت اور متصل گڑگاؤں میں محکمہ انکم ٹیکس اور پولیس کے 60 سے زائد عہدیداروں کی ٹیم نے 16 مقامات پر دھاوے کئے۔سرچ ٹیموں نے دہلی کے مہنگے رہائشی علاقوں علاقوں جیسے وسنت کنج اور ڈیفنس کالونی کے علاوہ پشچم وہارٗ نجف گڑھ‘ لکشمی نگر اور گروگرام (گڑگاؤں) کے پالم وہار علاقہ میں دفاتر اور مکانات پر دھاوے کئے۔ 2 کمپنیوں برسک انفرااسٹرکچر اینڈ ڈیولپرس پرائیوٹ لمیٹڈ اور کارپوریٹ انٹرنیشنل فینانشیل سرویسس لمیٹڈ کے خلاف ٹیکس چوری کی تحقیقات کے سلسلہ میں دھاوے ہوئے۔ یہ کمپنیاں‘ کیلاش گہلوت کے ارکان خاندان کی ملکیت ہیں۔

جواب چھوڑیں