شمس آباد ایر پورٹ پر انٹرنیشنل ڈپارچر ٹرمنل کا افتتاح

 وزارت شہر ی ہوا بازی کے سکریٹری راجیو نیان چوبے، نے آج راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ ( شمس آباد ) پر عارضی بین الاقوامی ڈپارچرس ٹرمنل کا رسما ً افتتاح کیا ۔ یہ ٹرمنل ، عصری ٹکنالوجی سے لیس ہے ۔ چیف سکریٹری تلنگانہ ڈاکٹر ایس کے جوشی کی موجودگی میں انٹر نیشنل ڈپارچرس ٹرمنل کا افتتاح عمل میں لایا گیا ہے جس کا باقاعدہ طور پر استعمال 23 اکتوبر سے ہوگا ۔ ٹریفک میں مسلسل اضافہ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ پاسنجر ٹرمنل بلڈنگ کو اس کی موجودہ گنجائش سے دگنا اضافہ کردیا گیا ہے ۔عارضی انٹر نیشنل ڈپارچر ٹرمنل، نئی ٹکنالوجی سے آراستہ ہے یہاں ملک میں پہلی بار ریموٹ ہینڈ بیاگس اسکریننگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔ اس ٹرمنل میں سیکوریٹی چیکنگ ، ایمگریشن، کسٹمس کے عمل سے آسانی کے ساتھ نمٹا جاسکے گا۔آئی اے این ایس کے بموجب شہری ہوا بازی کے سکریٹری آر این چوبے نے چہارشنبہ کے روز کہا ہے کہ قرض کے بوجھ تلے قومی ایرلائن ’’ ایر انڈیا ‘‘ کے احیا کے پیاکیج کو قطعیت دینے کا کام بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا ۔ توقع ہے کہ اس پیاکیج کا رواں ماہ اعلان کیا جائے گا۔ پیاکیج کے ضمن میں کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ شمس آباد ایر پورٹ پر عبوری انٹر نیشنل ڈپارچرس ٹرمنل کے افتتاح کے بعد چوبے نے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت، ایر لائن سیکٹر میں عموماً ایسے ایرلائنوں پر نظر رکھتی ہے جو گذشتہ دوسہ ماہی کے دوران خاص کار کردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے ۔ تیل کی بڑھتی قیمتوں اور ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قد میں کمی کے سلسلہ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والی ایر لائنوں پر حکومت نظر رکھتی ہے۔ حکومت، تمام ایرلائنوں کی ہر ممکن مدد کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایر انڈیا میں تخفیف سرمایہ کاری کے سلسلہ میں امکانی بولی دہندوں نے دلچسپی نہیں دکھائی ہے۔

جواب چھوڑیں