آئی این ایکس میڈیا کیس‘ کارتی چدمبرم کے اثاثے قرق

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) نے آج کہا کہ اس نے آئی این ایکس میڈیا منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیر فینانس پی چدمبرم کے لڑکے کارتی چدمبرم کے ہندوستان ‘ برطانیہ اور اسپین میں 54 کروڑ روپے مالیتی اثاثہ جات قرق کرلئے ہیں۔ کارتی نے ان کے خلاف اس کارروائی کو عجیب و غریب اور احمقانہ قراردیا۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی نے ٹاملناڈو کے اوٹی اور کوڈائی کنال میں زرعی اراضی اور بنگلہ کے علاوہ جنوبی دہلی کے زورباغ علاقہ میں کارتی اور ان کی والدہ کے نام پر رجسٹر 16 کروڑ روپے مالیتی ایک فلیٹ کو انسداد منی لانڈرنگ قانون کے تحت قرق کرنے کے عبوری احکام جاری کئے۔ ای ڈی نے کہا کہ اس جائیداد میں کارتی کا 50 فیصد حصہ ہے۔ ای ڈی نے برطانیہ کے سومرسیٹ میں 8.67 کروڑ روپے مالیتی ایک کاٹیج اور مکان (اے ایس سی پی ایل کے نام درج رجسٹر) اور اسپین کے بارسیلونا میں 14.57 کروڑ سے زائد مالیتی ایک ٹینس کلب کو بھی قرق کرنے کا حکم دیا ہے۔ کارتی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ان احکام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عجیب و غریب حکم ہے جو حقائق پر نہیں بلکہ احمقانہ نتائج اخذ کرنے پر مبنی ہے۔ اس کا مقصد صرف سرخیوں میں جگہ پانا ہے۔ عدالتی جانچ‘ نظرثانی درخواست اور اپیل کے بعد یہ حکم برقرار نہیں رہے گا۔ میں مناسب قانونی فورم سے رجوع کروں گا۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی نے کہا کہ چینائی کے ایک بینک میں اڈوانٹیج اسٹراٹیجک کنسلٹنگ پرائیوٹ لمیٹڈ(اے ایس سی پی ایل) کے نام 90 لاکھ روپے کے فکسڈ ڈپازٹ کو بھی قرق کرلیا گیا ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ یہ اثاثے کارتی اور اے ایس سی پی ایل کے نام ہیں ۔ یہ کمپنی مبینہ طورپر ان سے تعلق رکھتی ہے۔ ای ڈی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قرق شدہ اثاثوں کی مجموعی مالیت 54 کروڑ روپے ہے۔

جواب چھوڑیں