بنگلورو میں وجئے مالیا کی جائیدادوں کی قرقی کا حکم

 دہلی کی ایک عدالت نے آج زرمبادلہ کی خلاف ورزی سے متعلق ایک کیس میں شراب کے بڑے تاجر وجئے مالیا کی بنگلورو میں واقع جائیدادوں کی قرقی کا حکم دیا ہے۔ بنگلورو پولیس نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے خصوصی پبلک پراسیکوٹر این کے مٹا اور ایڈوکیٹ سمویدنا ورما کے ذریعہ عدالت کے قبل ازیں جاری کردہ احکام کی تعمیل کے لئے مزید مہلت طلب کی جس پر چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ دیپک شیراوت نے تازہ ہدایات جاری کیں۔ بنگلورو پولیس نے قبل ازیں عدالت کو مطلع کیا تھا کہ اس نے وجئے مالیا سے تعلق رکھنے والی 159 جائیدادوںکی نشاندہی کی ہے تاہم وہ ان میں کسی کو قرق نہیں کرسکی۔ عدالت نے اس کیس میں اس کے سمنوں کی عدم تعمیل پر 4 جنوری کو مالیا کو اشتہاری مجرم قراردے دیا تھا۔ عدالت نے 8 مئی کو اس کیس میں مالیا کی جائیدادوں کی قرقی کی ہدایت دی تھی اور بنگلورو پولیس کمشنر سے رپورٹ داخل کرنے کے لئے کہا تھا۔

جواب چھوڑیں