سرفراز احمد کو سابق کپتان یونس خان کی حمایت

 پاکستان کے سابق ٹسٹ کپتان یونس خان نے قومی کپتان سرفراز احمد کی بھرپور تائید اور حمایت کرتے ہوئے محمد حفیظ کے انتخاب کے حوالے سے سلیکشن اسٹائل پر حیرانگی ظاہر کردی۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہاکہ سینئر بیاٹسمین محمد حفیظ کی ٹسٹ ٹیم میں شمولیت عجیب انداز میں ہوئی ہے۔ پہلے حفیظ کو 15 کھلاڑیوں میں شامل ہی نہیں کیاگیا، پھر 16 کھلاڑیوں میں بھی نام نہیس آیا، بعد میں 17 رکنی ٹیم میں بھی شامل نہ کیے گئے لیکن پھر حفیظ ٹیم میں آئے اور پلینگ الیون میں شامل ہوئے، انہوں نے اپنی عمدہ کارکردگی سے خود کو ثابت بھی کیا۔ یونس خان نے کہاکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ایسا برتاؤ افسوس ناک ہے۔ ایک سوال کے جواب میں یونس خان نے کہاکہ سرفراز احمد کو پاکستان ٹیم کا کپتان برقرار رہنا چاہیے، ہمارے یہاں ایک ایونٹ کے بعد ہی کپتان کی تبدیلی کی باتیں شروع ہوجاتی ہیں جو درست عمل نہیں۔

جواب چھوڑیں