عامر کے فیصلے کوسمجھتا ہوں، احترام کرتا ہوں: سبھاش کپور

 ڈائرکٹر سبھاش کپور جن کے خلاف چھیڑچھاڑ کا کیس زیرالتواء ہے، نے کہا کہ وہ گلشن کمار کی زندگی پر بننے والی فلم کی فلمسازی سے دستبرداری کے عامر خان کے فیصلے کو سمجھ سکتے ہیں اور اس کا احترام کرتے ہیں۔ می ٹو تحریک کی روشنی میں جو ہندوستان میں دن بہ دن وسیع ہوتی جارہی ہے، بغیرکسی کا نام لیے خان نے اگلے پراجکٹ سے اپنی اور اپنی فلمساز بیوی کرن رائو کی دستبرداری کا یہ کہتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ انہیں شراکت دار کے خلاف ’’جنسی بدسلوکی‘‘ کی اطلاع ملی ہے۔ ’’مغل‘‘ کے شریک فلمساز بھوشن کمار نے کہا کہ کپور کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔ خان کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کپور نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’’میں عامر خان اور کرن رائو کے فیصلے کو سمجھتا ہوں اور احترام کرتا ہوں۔ چوں کہ معاملہ عدالت میں زیردوراں ہے، میں قانون کی عدالت میں ہی اپنی بے گناہی ثابت کروں گا۔‘‘ واضح رہے کہ اداکارہ گیتیکا تیاگی نے کپور پر چھیڑچھاڑ کا الزام عائد کیا جو ’’ون بائی ٹو‘‘، ’’آتما‘‘، ’’واٹ دی فش‘‘ جیسی فلموں میں نظر آچکی ہیں۔ اپریل 2014ء میں تیاگی نے ورسووا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیا کہ دو سال قبل انہوں نے اس کی عصمت ریزی کی کوشش کی۔ جس کے بعد کپور کو گرفتار کیا گیا تھا اور اب وہ 10ہزار روپئے دے کر ضمانت پر ہیں۔

جواب چھوڑیں