ہند۔ویسٹ انڈیز دوسرے ٹسٹ کا آج سے حیدرآباد میں آغاز

ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹسٹ میچ کل سے حیدرآباد کے اپل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم کو سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے جس نے راجکوٹ میں کھیلے گئے پہلے میاچ میں اننگز اور 272 رنوں کے واضح فرق سے جیت حاصل کی تھی۔ حیدرآباد ٹسٹ کیلئے ٹیم انڈیا نے اپنے 11 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے۔ ٹیم منیجمنٹ نے راجکوٹ ٹسٹ کے 11 کھلاڑیوں کو ہی اس میچ میں بھی اتارنے کا فیصلہ کیاہے جبکہ مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر شردل ٹھاکر 12 ویں کھلاڑی ہوںگے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ٹاپ آرڈر بلے باز مینک اگروال اور حیدرآباد کے فاسٹ بولر محمد سراج کو ٹسٹ کیریر کے آغاز کیلئے آئندہ سیریز تک انتظار کرنا ہوگا۔ امید کی جارہی تھی کہ اس ٹسٹ میچ میں ٹیم انڈیا مینک اگروال یا تیز گیند باز محمد سراج کو ڈیبیو کا موقع دے سکتی ہے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ ان دونوں کھلاڑیوں کو حیدرآباد ٹسٹ میں بھی بنچ پر ہی بیٹھنا پڑے گا۔ کرناٹک کے ایل راہول اور نوجوان بلے باز پرتھوی شا اننگز کی شروعات کریںگے جبکہ مڈل آرڈر میں چیتیشور پجارا‘ کپتان ویراٹ کوہلی‘ اجنکیا رہانے‘ ریشب پنتھ اور آل رائونڈر رویندر جڈیجہ ہوںگے۔ ٹیم انڈیا حیدرآباد میں بھی 3 اسپنرس روی چندرن اشون‘ کلدیپ یادو اور رویندر جڈیجہ کے ساتھ میدان میں اترے گی جبکہ محمد سمیع اور اومیش یادو کی شکل میں 2 فاسٹ بولرس ہوںگے۔ دوسری جانب پہلے ٹسٹ میں شکست اٹھانے والی ویسٹ انڈین ٹیم کو اس وقت راحت حاصل ہوئی جب اس کے کپتان جیسن ہولڈر اس مقابلہ کیلئے فٹ ہوگئے۔ ہولڈر زخمی ہونے کی وجہ سے پہلا ٹسٹ نہیں کھیل پائے تھے۔ مہمان ٹیم کی بیاٹنگ لائن اپ میں بھی ایک دو تبدیلیوں کا امکان ہے جبکہ کپتان ہولڈر کیلئے الزاری جوزف کو باہر بٹھایا جاسکتاہے۔ کپتان ہولڈر نے کہاکہ ہم پہلے میاچ میں ہوئی شکست کو بھول کر نئی شروعات کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خاص طورپر بلے بازوں کو حیدرآباد میں بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ ان کی ٹیم کا مقابلہ دنیا کی بہترین ٹیم سے ہے۔ اسی دوران حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن ( ایچ سی اے) نے پانچ روزہ میاچ کیلئے روزانہ 4 ہزار اسکولی طلباء کو مفت داخلہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان کے قطعی 11 کھلاڑی اس طرح ہے ۔ کوہلی، راہل، پرتھوی شا، پجارا، رہانے، پنت، جڈیجہ، اشون، کلدیپ یادو، اومیش یادو، محمد سمیع۔ میاچ صبح 9:30 بجے سے کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں