بیٹی بچائو مہم سے لڑکیوں کی تعداد میں اضافہ : وزیراعظم مودی

وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو مہم کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے اور اس سے مختلف ریاستوں میں جن میں ہریانہ اور راجستھان بھی شامل ہیں صنفی تناسب میں مدد ملی ہے اور خواتین کے تناسب میں اضافہ ہوا ہے۔ طلاق ثلاثہ سے متعلق قانون سازی اور زچگی کیلئے ایام رخصت کو 12 سے بڑھاکر 36 ہفتہ کردینے کے اقدام کا تذکرہ کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ حکومت نے قانونی طور پر شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے اور ان کے استحکام کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’میں فخر کے ساتھ یہ کہہ سکتا ہوں کہ بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو مہم سے ہریانہ، راجستھان اور دیگر کئی ریاستوں میں لڑکیوں کی تعداد (خواتین کے تناسب) میں اضافہ ہوا ہے۔ کئی معصوموں کو حقوق ملے ہیں۔ زندگی کا مقصد صرف جینا نہیں ہے بلکہ عزت کے ساتھ جینا ہے‘‘ مودی دہلی میں قومی انسانی حقوق کمیشن کی سلور جوبلی تقاریب سے خطاب کررہے تھے۔ بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو مہم مودی حکومت نے شروع کی تھی تاکہ لڑکیوں کو رحم مادر میں ہلاک کردینے کے واقعات کا انسداد عمل میں لایا جاسکے اور لڑکیوں کو تعلیم کو فروغ دیا جاسکے۔

جواب چھوڑیں