ووٹرلسٹ کاقطعی مسودہ جاری ۔جملہ رائے دہندن گان کی تعداد2 کروڑ73 لاکھ سے تجاوز:رجت کمار

الیکشن کمیشن نے تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان کاقطعی مسودہ جاری کردیا ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسرتلنگانہ ڈاکٹر رجت کمار نے بتایا کہ قطعی مسودہ کے مطابق ریاست تلنگانہ میں رائے دہندگان کی جملہ تعداد 2,73,18,603 ہے ان میں مرد رائے دہندوںکی تعداد1,37,87,920اور خاتون رائے دہندوں کی تعداد 1,35,28,020 ہے ۔ اس کے علاوہ فہرست رائے دہندگان میں تیسری صنف سے تعلق رکھنے والوں کی تعداد 2663 اور سرویس ووٹرس کی تعداد 9451 ہے ۔ ریاست میں مردرائے دہندگان کی تعداد خواتین رائے دہندگان کی تعداد سے 2,59,900زیادہ ہے ۔ رجت کمار نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیاکی منظوری کے بعد قطعی ووٹرلسٹ جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج ‘ اخراج اور تفصیلات میں تبدیلیوں کے لئے جملہ 33,14,006 درخواستیں داخل کی گئی تھیں جن میں 22,36,677 درخواستیں فارم 6کے تحت (ناموں کے اندراج )7,72,939درخواستیں فارم 7 کے تحت (ناموں کے اخراج ) اور تفصیلات میں تبدیلی کے لئے فارم 8اور 8A کے تحت 2,91,256 درخواستیں وصول ہوئی تھیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 30,00,872 درخواستوں کو قبول کرتے ہوئے 3,12,335 درخواستوں کومسترد کردیاگیا جبکہ 799 درخواستوں کوزیرالتواء رکھاگیا ہے ۔یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ حیدرآباد ہائی کورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو 12اکتوبرتک فہرست رائے دہندگان کے حتمی مسودہ کوجاری کرنے کی ہدایت دی تھی۔

جواب چھوڑیں