ویسٹ انڈیزکی اننگزلڑکھڑاکرسنبھل گئی‘پہلے دن295/7

آل رائونڈر روسٹن چیس اور کپتان جیسن ہولڈر کی شاندار نصف سنچریوں کی مدد سے ویسٹ انڈیز نے ہندوستان کے خلاف حیدرآباد میں کھیلے جا رہے دوسرے اور آخری ٹسٹ میاچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 7 وکٹس پر 295 رن بنالئے تھے۔ جس وقت آج کا کھیل ختم ہوا آل رائونڈر روسٹن چیس 98 اور دیویندر بشو 2 رن بناکر کھیل رہے تھے۔ قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیاٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ تاہم یہ فیصلہ اس کیلئے اس وقت غلط ثابت ہوا جب اس نے محض 52 رنوں پر اپنے دونوں اوپنرس کو کھودیا تھا۔ کریگ براتھویٹ 14 اور کرن پاویل 22 رن بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ نمبر 3 پر کھیلنے والے شائی ہوپ نے کسی قدر بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے 5 چوکوں کی مدد سے 36 رن اسکور کئے۔ شمرون ہٹمیئر 12 اور سنیل امبریس 18 رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز نے ایک موقع پر 182 رنوں پر اپنے 6 وکٹس گنوادئے تھے تاہم اس کے بعد کپتان جیسن ہولڈر اور روسٹن چیس نے ساتویں وکٹ کیلئے 104 رنوں کی شراکت داری کی۔ ہولڈ 92 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 52 رن بناکر بدقسمتی سے اس وقت آئوٹ ہوئے جب آج کا کھیل ختم ہونے صرف 5 اوورس باقی تھے۔ روسٹن چیس 174 گیندوں میں 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 98 رن بناکر ناٹ آئوٹ ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے فاسٹ بولر اومیش یادو اور کلدیپ یادو نے 3,3 جبکہ روی چندرن اشون نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم نے فاسٹ بولر محمد سمیع کو آرام دیتے ہوئے ممبئی کے فاسٹ بولر شردل ٹھاکر کو 11 کھلاڑیوں میں شامل کیا ۔

جواب چھوڑیں