ایپّا مندر کا عنقریب درشن‘تروپتی دیسائی کا اعلان

 کیرالا کے شبری ملا مندر میں 10 تا 50 برس کی عورتوں کو داخلہ کی اجازت دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلہ کی مخالفت ہورہی ہے ایسے میں مساوات صنف کی جہدکار تروپتی دیسائی نے ہفتہ کے دن کہا کہ وہ ایپّا مندر جائیں گی۔ انہوں نے ممبئی میں ایک ملیالم ٹی وی چیانل سے کہا کہ ہم ایپّا مندر جانے کی تاریخ کا بہت جلد اعلان کریں گے۔ تروپتی دیسائی نے ممبئی کی درگاہ حاجی علی میں عورتوں کو داخلہ کی اجازت دلانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ پونے کی بھوماتا بریگیڈ کی بانی تروپتی دیسائی کے انٹرویو پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صدر کیرالا بی جے پی ‘ پی ایس سریدھرن پلے نے کہا کہ تروپتی کو ایپّا بھکتوں کے جذبات اور احساسات کو چیلنج نہیں کرنا چاہئے۔ شبری ملا تانترک فیملی کے ایک رکن راہول ایشور نے نے تروپتی سے خواہش کی کہ وہ ایپّا مندر آنے سے باز رہیں۔ مندر‘ ماہانہ پوجا کے لئے 18 اکتوبر کو کھلے گا۔ سریدھرن پلے نے کہا کہ سبھی کے بہتر مفاد میں تروپتی دیسائی کو ہزاروں بھکتوں کے احساسات کو چیلنج نہیں کرنا چاہئے۔ راہول ایشور نے کہا کہ مندر کی روایتوں اور کلچر کو توڑنے کی کوشش کی گئی تو ہم حقیقی گاندھیائی انداز میں احتجاج کریں گے۔ ہماری تروپتی سے خواہش ہے کہ وہ ریاست کے دیگر ایپّا مندروں کا رخ کریں ‘ شبری ملا مندر کا نہیں۔چیف منسٹر پنارائی وجین کی حکومت اور ٹراونکور دیوسم بورڈ نے جو مندر کا نگراں ہے‘ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف درخواست نظرثانی داخل کرنے سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ عدالت کا حکم مانیں گے۔ کیرالا میں سی پی آئی ایم کی زیرقیادت لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کی حکومت ہے۔ فرنٹ نے ریاست بھر میں جوابی سیاسی ریالیاں نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جواب چھوڑیں