راہول گاندھی 20‘اکتوبرکوچار مینار کے قریب پارٹی پرچم لہرائیں گے

کل ہندکانگریس کے صدر راہول گاندھی ‘20 اکتوبر کو پرانے شہر حیدرآباد میں تاریخی چارمینار کے قریب پارٹی پرچم لہرانے کے بعدعوامی ریالی سے خطاب کریںگے۔ تلنگانہ میں کانگریس کی یہ پہلی انتخابی ریالی ہوگی جس میں راہول گاندھی شرکت کریںگے۔ کانگریس پرچارکمیٹی کے صدر نشین بھٹی وکرامارکہ جو پرانے شہر میں راہول گاندھی کے پروگرام کے انتظامات میں مصروف ہیں ‘نے عارضی طورپرانتخابی مہم کو موخرکردیاہے ۔ متحدہ ریاست آندھراپردیش میں کانگریس اپنی حلیف (سابق ) مجلس کے خلاف دوستانہ مقابلہ کے لئے اپنا امیدوار کھڑا کرتی تھی جس کا مقصدمجلس کے مخالف ووٹوں کو تقسیم کرناتھا مگراب کانگریس نے پرانے شہر کے تمام اسمبلی حلقوں سے مجلس سے مفاہمت کے بغیر تنہامقابلہ کرنے کافیصلہ کیاہے ۔ اس بار مجلس‘ حکمراں جماعت ٹی آرایس کی حلیف ہے ۔ راہول گاندھی کے والد وسابق وزیر اعظم راجیوگاندھی نے 28سال قبل قومی یکجہتی کوفروغ دینے کے خاطرپرانے شہر میں تاریخی چارمینارکے قریب پارٹی پرچم لہرایا تھا ۔ اس کومدنظررکھتے ہوئے کانگریس‘ ہرسال 19 اکتوبرکوسدبھائونایاترا کااہتمام کرتی ہے اور چارمینار کے دامن میں پارٹی پرچم لہراتی ہے ۔ رواں سال‘ آنجہانی راجیو گاندھی کے فرزند راہول گاندھی 20اکتوبر کوکانگریس پارٹی کاپرچم لہرایں گے۔ عادل آباد روانہ ہونے سے قبل راہول گاندھی چارمینارکے قریب عوام سے بھی خطاب کریں گے۔ وہ 20 اکتوبرکوحلقہ اسمبلی کاماریڈی میں بھی ایک اور عوامی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ علحدہ تلنگانہ کے قیام کے بعد راہول گاندھی کا یہ چوتھادورہ رہے گا۔ وہ کسان سندیش یاترا کے سلسلہ میں مئی 2015 میں پہلی بار نرمل کے چندمواضعات کادورہ کرچکے ہیں۔ گذشتہ سال راہول نے سنگاریڈی کے عوامی جلسہ کے علاوہ حیدرآباد میں چندایک اجلاسوں سے خطاب کیاتھا۔

جواب چھوڑیں