مجالس مقامی انتخابات کا تیسرا مرحلہ‘ صرف 3.49 فیصد ووٹنگ

عسکریت پسندی سے متاثرہ وادی کشمیر میں شہری مجالس مقامی انتخابات کے تیسرے مرحلہ میں آج صرف 3.49 فیصد رائے دہی ہوئی جبکہ جموں کے ضلع سامبا میں 80 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ ضلع بارہمولہ کے سرحدی ٹاؤن اُری میں 75.34 فیصد رائے دہی ہوئی۔ وادی میں الیکشن کے پچھلے دو مرحلوں میں بہت کم رائے دہی ہوئی ہے۔ نیشنل کانفرنس‘ پی ڈی پی اور سی پی آئی ایم جیسی جماعتوں نے بائیکاٹ کی اپیل کررکھی ہے۔ سری نگر میونسپل کارپوریشن کے 20 وارڈس میں تیسرے مرحلہ میں ووٹنگ ہوئی۔ یہاں 1.53لاکھ ووٹروں کی صرف 1.84 فیصد تعداد نے ہی ووٹ ڈالا۔ پرانے شہر کے وارڈ صفا کدل اور چناپورہ سیول لائنس میں فی کس 10 ووٹ ڈالے گئے۔ پولنگ صبح 6 بجے شروع ہوئی تھی اور شام 4 بجے اختتام کو پہنچی۔ 11 وارڈس میں 100 سے بھی کم ووٹ پڑے۔ اُری میں 3552 ووٹرس نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔

جواب چھوڑیں