می ٹو‘ مہم کا شورشرابہ بالی ووڈ سے ہندوستانی کرکٹ تک پہنچ گیا

جنسی ہراسانی کے خلاف ہندوستان میں جاری مہم ’می ٹو ‘ کا شور شرابہ بالی ووڈ سے ہندوستانی کرکٹ تک پہنچ گیا۔ اطلاعات کے مطابق 2016 سے ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے چیف اگزیکٹیو آفیسر کے عہدہ پر فائز راہول جوہری پر ایک خاتون صحافی کی جانب سے نامناسب رویے اور جنسی ہراسگی کا الزام لگایا گیاہے۔ راہول جوہری کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک مصنفہ کی جانب سے پوسٹ منظر عام پر آئی ہے جس میں انہوں نے لکھاکہ انہیں ایک خاتون صحافی کی جانب سے کئی صفحوں پر مشتمل ای میل موصول ہوئی جس میں انہوں نے راہول جوہری کی جانب سے کی گئی جنسی زیادتی کا واقعہ بیان کیاہے۔ مصنفہ نے لکھاکہ ’خاتون نے اپنا نام راز میں رکھنے کی درخواست کی ہے، راہول جوہری تمہارا وقت پورا ہوگیا‘۔ ای میل کرنے والی خاتون صحافی نے لکھاکہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت راہول جوہری بھی ایک چینل میں اگزیکٹیو وائس پریزیڈنٹ اور جنرل منیجر کی حیثیت سے کام کررہے تھے۔ شعبہ مشترکہ ہونے کی وجہ سے دونوں میں اکثر ملاقات رہتی تھی۔ وہ ایک بڑے چینل کے بڑے عہدے پر فائز تھے جبکہ مجھے کسی اچھے چینل میں ملازمت کی تلاش تھی۔ واضح رہے کہ اس سے ایک دن قبل سابق سری لنکن کھلاڑی رانا تنگا اور ملنگا بھی اس طرح کے الزامات کی زد میں آئے۔ رپورٹس کے مطابق ہندوستانی ایئر ہوسٹس نے فیس بک پوسٹ میں لکھاکہ ایک مرتبہ ممبئی کے ہوٹل میں رانا تنگا نے انہیںجنسی طورپر ہراساں کیاتھا۔ وہ بڑی مشکل سے خود کو ان سے چھڑواکر استقبالیہ پر پہنچیں تو انہیں کہا گیاکہ یہ ان کا نجی معاملہ ہے۔ اسی طرح پلے بیکر سنگر چنمائی سریپادا کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ایک دوست کو ڈھونڈ رہی تھیں کہ ملنگا نے انہیںکہاکہ وہ ان کے روم میں ہیں، وہ اندر گئیں تو دروازہ بندکرلیا تاہم اسٹاف کے وہاں آنے پر وہ بحفاظت باہر نکل آئیں۔

جواب چھوڑیں