ٹیم انڈیا‘ حیدرآباد ٹسٹ میں بڑی سبقت کی جانب گامزن

اوپنر پرتھوی شا‘ اجنکیا رہانے اور وکٹ کیپر بلے باز ریشب پنت کی شاندار نصف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ میاچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 4 وکٹس کھوکر 308 رن بنالئے۔ اس طرح وہ ویسٹ انڈیز سے صرف 3 رن پیچھے ہے۔ جس وقت آج کا کھیل ختم ہوا اجنکیا رہانے 6 چوکوں کی مدد سے 75 جبکہ ریشب پنت 120 گیندوں میں 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 85 رن بناکر کھیل رہے تھے۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کیلئے ابھی تک 146 رنوں کی شراکت داری کرلی ہے۔ قبل ازیں ہندوستان کی شروعات ٹھیک نہیں رہی اور اوپنر کے ایل راہول صرف 4 رن بناکر ہولڈر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد چیتیشور پجارا بھی صرف 10 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر پرتھوی شا نے اپنے شاندار فام کو برقرار رکھتے ہوئے ایک اور نصف سنچری اسکور کی۔ پرتھوی شا نے صرف 53 گیندوں میں 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 70 رن اسکور کئے۔ واضح رہے کہ پرتھوی شا نے گذشتہ ٹسٹ میں بھی سنچری اسکور کی تھی جو ان کے کیریر کی پہلی سنچری تھی۔ کپتان ویراٹ کوہلی نے بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 5 چوکوں کی مدد سے 45 رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان جیسن ہولڈر نے 2 جبکہ شینن گابریل اور جومیل واریکن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں ویسٹ انڈیز اپنے کل کے اسکور 295/7 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور 16 رنوں کے اضافہ پر اپنے ماباقی 3 وکٹس گنوادئے۔ آل رائونڈر روسٹن چیس نے شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے 106 رن بنائے جبکہ واریکن 8 رن پر ناٹ آئوٹ رہے۔ ہندوستان کی جانب سے فاسٹ بولر اومیش یادو نے کیریر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹس حاصل کئے۔ دیگر بولرس میں کلدیپ یادو نے 3 اور روی چندرن اشون نے ایک وکٹ حاصل کی۔ مختصر اسکور۔ ویسٹ انڈیز پہلی اننگز 311 آل آئوٹ۔ ہندوستان پہلی اننگز 308/4

جواب چھوڑیں