یوسین بولٹ نے پروفیشنل فٹبال میں پہلا گول کردیا

عالمی شہرت یافتہ اسپرنٹر اور اتھلیٹ یوسین بولٹ نے آسٹریلین سنٹرل کوسٹ میرینرز کیلئے کھیلتے ہوئے پروفیشنل فٹبال میں اپنا پہلا گول اسکور کردیا۔ 100 میٹر دوڑ کے عالمی ریکارڈ کے حامل سابق اتھلیٹ نے سڈنی میں میکارتھر ساؤتھ ویسٹ یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں 2 گول اسکور کیے۔ 32 سالہ فٹبالر میچ میں گروئن انجری کا شکار ہوئے لیکن اپنی انجری پر قابو پاتے ہوئے انہوں نے 55 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے پروفیشنل فٹبال میں پہلا گول اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ حریف ٹیم کے دفاع کی غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جمائیکا سے تعلق رکھنے والے بولٹ نے 69 ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول اسکور کیا اور روایتی انداز میں جشن منایا ۔ دوسرا گول اسکور کرنے کے بعد انہیں میدان سے باہر بلالیا گیا لیکن اس وقت تک ان کی ٹیم سنٹرل کوسٹ 0-4 کی برتری حاصل کرچکی تھی۔ یوسین بولٹ اگست میں اے لیگ کلب کا حصہ بنے تھے اور اس کے بعد سے پہلا موقع تھاکہ بولٹ نے میچ کی شروعات کی اور ابتدائی منٹ سے کھیل کا حصہ تھے۔ انہوں نے میچ کے بعد کہاکہ میں بہت خوش ہوںکہ مجھے کھیلنے کا موقع ملا اور مجھے خود پر فخر ہے۔ بولٹ نے کہا کہ میچ کا آغاز کرنے کے بعد دو گول اسکور کرنا میرے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے، میں بہت اچھا محسوس کررہا ہوں اور مستقبل میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا ۔واضح رہے کہ یوسین بولٹ فٹبال کو بہت پسند کرتے ہیں اور فٹبال میں اپنا کیریر بنانے کیلئے انہوں نے گذشتہ برس اتھلیٹس مقابلوں سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔

جواب چھوڑیں