امیٹھی میں ہجوم کی مارپیٹ سے 2افراد ہلاک

امیٹھی کے موضع سارتیا کے ایک مندر میں مذہبی تقریب کے دوران ایک 12سالہ لڑکے پر مبینہ طورپر گولی چلائی جانے کے واقعہ کے بعد ایک ہجوم نے 2افراد کو مار مار کر ہلاک کردیا۔ گولیاں لگنے سے زخمی مذکورہ لڑکے کا علاج مقامی اسپتال میں جاری ہے۔ پولیس نے بتایاکہ کل رات دلیپ یادو (28سالہ) اور راہول سنگھ (30سالہ) نے جو حالت نشہ میں تھے‘ سُمیت نامی لڑکے پر فائرنگ کردی جس سے وہ زخمی ہوگیا۔ علاقہ مسافر خانہ کے اسٹیشن ہائوز آفیسر ( ایس ایچ او) وشوناتھ یادو نے یہ بات بتائی اورکہاکہ فائرنگ کا مذکورہ واقعہ‘ مذکورہ مندر میں پوجا کے موقع پر پیش آیا اُس کے بعد ہجوم نے دلیپ یادو اور راہول سنگھ کو مارپیٹ کر ہلاک کردیا۔ دونوں مہلوکین‘ پڑوسی علاقہ گجن پور دوریہ موضع کے رہنے والے تھے۔ اِن دونوں کو فوری قریبی کمیونٹی ہیلتھ سنٹر لے جایاگیا لیکن دوران علاج وہ فوت ہوگئے۔ ایک مہلوک کے بھائی کی شکایت پر پولیس نے 4افراد کیخلاف ایف آئی آر درج کرلیا۔ دیہی عوام کی شکایت پر ‘ 6افراد کیخلاف ایک ایف آئی آر درج کیا گیا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے مذکورہ موضع میں پولیس عملہ کی کثیر تعداد کو متعین کردیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں