حیدرآبادٹسٹ میں ہندوستان کی 10 وکٹس سے شاندار کامیابی

میان آف دی میاچ فاسٹ بولر اومیش یادو کی شاندار بولنگ کی مدد سے ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حیدرآباد ٹسٹ تیسرے دن 10 وکٹس سے جیت کر 2 میاچس کی سیریز میں مہمان ٹیم کا مکمل صفایا کردیا۔ ہندوستانی ٹیم کو جیت کیلئے دوسری اننگز میں 72 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے بنالئے۔ ہندوستانی اوپنرس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈین بولرس کو دوسری اننگز میں کامیابی کا کوئی موقع نہیں دیا۔ پرتھوی شا 45 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 33 جبکہ کے ایل راہول 53 گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکے کی مدد سے 33 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ قبل ازیں ہندوستانی ٹیم نے اپنے کل کے اسکور 308/4 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور پوری ٹیم 367 رن بناکر آئوٹ ہوگئی۔ اس طرح ٹیم انڈیا کو پہلے اننگز میں 56 رنوں کی سبقت حاصل ہوئی۔ کل کے ناٹ آئوٹ بلے باز رہانے 7 چوکوں کی مدد سے 80 اور ریشب پنت 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 92 رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں رویندر جڈیجہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے جبکہ روی چندرن اشون 35‘ کلدیپ یادو 6 اور اومیش یادو 2 رن بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ شردل ٹھاکر 4 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان جیسن ہولڈر نے 5‘ شینن گابریل نے 3 جبکہ جومیل واریکن نے 2 وکٹس حاصل کئے۔ ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کا بھی تباہ کن انداز میں آغاز ہوا اور دونوں اوپنرس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔ نمبر 3 پر کھیلنے والے شائی ہوپ 28 اور شمرون نے 17 رن بنائے۔ تاہم وہ ٹیم کو بڑا اسکور کھڑا کرنے میں مدد نہیں کرپائے۔ سنیل امبرس نے 95 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 38 رن بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں روسٹن چیس 6‘ شین ڈوریچ صفر‘ کپتان جیسن ہولڈر 19‘ جومیل واریکن 7 اور شینن گابریل ایک رن بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ دیویندر بشو 10 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ ہندوستان کی جانب سے فاسٹ بولر اومیش یادو نے سب سے زیادہ 4 وکٹس حاصل کئے۔ واضح رہے کہ اومیش یادو نے پہلی ا ننگز میں بھی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیاتھا۔ اس طرح انہوں نے میاچ میں جملہ 10 وکٹس حاصل کئے۔ دیگر بولرس میں رویندر جڈیجہ نے 3‘ روی چندرن اشون نے 2 اور کلدیپ یادو نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پہلے ٹسٹ میں سنچری اسکور کرنے والے نوجوان سلامی بلے باز پرتھوی شا کو میان آف دی سیریز قرار دیاگیا۔ اس طرح ٹیم انڈیا نے اندرون ملک لگاتار10ویں سیریز جیتنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میاچس کی ونڈے سیریز کا 21 اکتوبر سے گوہاٹی میں آغاز ہوگا۔

جواب چھوڑیں