فخرزمان اورمیرحمزہ کے ٹسٹ کیریر کا آغاز یقینی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹسٹ میاچ منگل سے ابوظبی میں کھیلا جائے گا۔ امکان ہے کہ اس مقابلہ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم انتظامیہ اوپنر فخر زمان اور فاسٹ بولر میر حمزہ کو ٹسٹ کیپ دے گی۔ فخر زمان ایشیا کپ میں بری طرح ناکام ہوئے تھے اس کے باوجود ٹیم انتظامیہ فخر زمان کو ایک اور موقع دینے کیلئے تیار ہے جبکہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر میر حمزہ پہلی بار پاکستان کیلئے انٹرنیشنل میچ کھیلیںگے۔ پاکستانی ٹیم دوسرا ٹسٹ کھیلنے دبئی سے ابوظبی پہنچ چکی ہے جہاں اس نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر معظم احمد خان کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی۔ پاکستانی ٹیم دوسرے ٹسٹ سے قبل اتوار کو شیخ زائد اسٹیڈیم میں پہلے پریکٹس سیشن میں شرکت کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی امام الحق کی جگہ اننگز کا آغاز فخر زمان اور محمد حفیظ کریں گے جبکہ آوٹ آف فارم فاسٹ بولر وہاب ریاض کی جگہ میر حمزہ لیںگے۔ وہاب ریاض نے دبئی ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 11 اوورز میں 39 رنز دیئے تھے۔ دوسری اننگز میں 16 اوورز میں 42 رنز دیئے تھے۔ لیکن دونوں اننگز میں وہ وکٹ حاصل نہیں کرسکے تھے۔ امام الحق نے پہلی اننگز میں 76 رنز بنائے تھے اور محمد حفیظ کے ساتھ پہلی وکٹ پر ریکارڈ 205 رنز بنائے تھے۔ دوسری اننگز میں امام الحق نے 48 رنز بنائے تھے۔ 28 سالہ فخر زمان پاکستان کی جانب سے 23 ونڈے اور 22 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔ ایشیا کپ میں فخر زمان ہانگ کانگ کے خلاف 24 اور ہندوستان کے خلاف 31 رنز بنائے تھے۔ 2 میاچس میں وہ صفر پر آوٹ ہوئے تھے۔ ایشیا کپ کی ناکامی کے باوجود ٹیم انتظامیہ فخر زمان کو ٹیم کے ساتھ رکھ رہی ہے۔ 26 سالہ میر حمزہ پاکستان کی جانب سے پہلا ٹسٹ کھیلیںگے۔ تاہم وہ 56 فرسٹ کلاس میچوں میں 278 وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔ حسن علی اور فہیم اشرف کی موجودگی میں ٹیم انتظامیہ میر حمزہ کو اہمیت دے رہی ہے۔

جواب چھوڑیں