ایم ایل سی راملو نائک‘ ٹی آر ایس سے معطل

تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) کے رکن قانون ساز کونسل راملو نائک کو آج پارٹی سے معطل کردیا گیا ہے۔ مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی پاداش میں راملو نائک کو ٹی آر ایس معطل کردیا گیا۔ قیاس لگایا جارہا ہے کہ راملو نائک‘ کانگریس میں شامل ہوں گے۔نمائندہ منصف کے بموجب سکریٹری ٹی آر ایس پی راجیشور ریڈی نے ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل راملو نائک کو معطل کرنے کا اعلان کیا۔ ریڈی نے اخباری بیان میں بتایا کہ راملو نائک‘ گذشتہ کئی دنوں سے مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث تھے اس بات کی اطلاع پارٹی ہائی کمان کو دی گئی جس کے باعث انہیں پارٹی سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق انچارج پردیش کانگریس کمیٹی سے راملو نائک نے ہوٹل گولکنڈہ میں اتوار کو ملاقات کی تھی۔ انہوں نے حلقہ نارائن کھیڑ سے کانگریس کا ٹکٹ دینے کی درخواست کی تھی۔ اطلاع کے مطابق راملو نائک کا شمار ٹی آر ایس کے سینئر قائدین میں ہوتا ہے۔ انہوں نے نگرانکار چیف منسٹر کے سی آرسے حلقہ نارائن کھیڑ سے پارٹی امیدوار بنانے کی درخواست کی تھی جبکہ کے سی آر نے اس حلقہ سے سابق رکن اسمبلی بھوپال ریڈی کو دوبارہ پارٹی ٹکٹ دیا ہے جس پر راملو نائک نے پارٹی قیادت سے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

جواب چھوڑیں