تیسرے اوپنر اور دوسرے وکٹ کیپر کی شمولیت کا امکان

ٹیم مینجمنٹ اور قومی سلکٹرس ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آئندہ دورہ آسٹریلیا کیلئے ایک مضبوط اور متوازن ٹیم کے انتخاب پر نگاہیں مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے 5 روزہ میاچس کیلئے ٹیم میں تیسرے اوپنر اور دوسرے وکٹ کیپر کی شمولیت سے متعلق غور کیاجا رہاہے۔ انگلینڈ کے خلاف 5 میاچس کی سیریز کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 میاچس کی ہوم سیریز میں حالانکہ اوپنر کے ایل راہول ناکام ثابت ہوئے ہیں تاہم آسٹریلیا سیریز کیلئے انہیں اوپنر کی حیثیت سے ایک اور موقع فراہم کئے جانے کا امکان ہے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز شکھر دھون کی واپسی بھی آسٹریلیا کے خلاف یقینی نظرآرہی ہے۔ نوجوان بلے باز پرتھوی شا نے انگلینڈ کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی بہتر کھیل پیش کیاہے اس لئے توقع ہے کہ انہیں آسٹریلیا کے خلاف دھون کے ہمراہ اننگز کی شروعات کیلئے بھیجاجائے گا۔ ایک اور نوجوان بلے باز وکٹ کیپر ریشب پنت کا انتخاب بھی یقینی ہے جبکہ پارتھیو پٹیل یا پھر ردھیمان ساہا کو بھی اسکواڈ میں شامل کیاجا سکتاہے۔ چیف سلکٹر ایم ایس کے پرساد نے بتایاکہ ردھیمان ساہا پوری طرح فٹ ہوچکے ہیں اور قوی امکان ہے کہ انہیں دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹیم میں دوسرے اوپنر کی حیثیت سے شامل کیاجائے۔ کرناٹک کے بلے باز مینک اگروال کو بھی اسکواڈ میں برقرار رکھا جاسکتا ہے ۔ انڈیا اے کیلئے بہترین کارکردگی پیش کرنے والے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز کے بھارت کے انتخاب پر بھی غور کیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق 2 اسپیشلسٹ اسپنرس کے ساتھ 4 یا 5 فاسٹ بولرس کو بھی اسکواڈ میں جگہ فراہم کی جائے گی۔ اومیش یادو‘ محمد سمیع‘ ایشانت شرما‘ بھونیشور کمار اور جسپریت بمراہ کی شرکت یقینی ہے جبکہ محمد سراج کے انتخاب پر بھی غور کیاجا سکتاہے۔

جواب چھوڑیں