میرے اور آرتھر میں کوئی اختلافات نہیں:سرفراز

 پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ ان کے اور کوچ مکی آرتھر کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ ابوظبی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہاکہ پہلے ٹسٹ میچ میں اچھی پرفارمنس کے باوجود جیت نہیں سکے۔ انہوں نے بتایاکہ آسٹریلیا کے خلاف کل سے شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میچ میں نوجوان بیاٹسمین فخر زمان کو ڈیبیو کروانے کا فیصلہ کیاگیاہے۔کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ ٹیم میں ایسا کھلاڑی بھی ہونا چاہیے جو تیز بیٹنگ کرسکے۔ امام الحق کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انجری کے باعث امام الحق ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے جبکہ اسپنر شاداب خان فٹ ہوگئے ہیں اور 12 کھلاڑیوں میں انہیں شامل کیاگیاہے۔ کوچ مکی آرتھر سے اختلافات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ جو ہوناتھا ہوگیاہے، اب ان کے اور مکی آرتھر کے درمیان اختلافات نہیں ہیں۔ انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئندہ میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا مقابلہ 16 اکتوبر سے ابوظبی میں شروع ہورہا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ میچ میں آسٹریلیا کے عثمان خواجہ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو یقینی فتح سے دور کر دیا اور میچ ڈرا ہوگیا تھا۔

جواب چھوڑیں