پاکستان۔آسٹریلیا دوسرے ٹسٹ کا آج سے آغاز

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹسٹ میاچ کل سے ابوظبی کے شیخ زائد اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دو میاچس کی سیریز کا پہلا مقابلہ ڈرا ہوا تھا اس اعتبار سے کل سے شروع ہونے والے مقابلہ میں دونوں ٹیموں کی نگاہیں جیت پر مرکوز رہیںگی تاکہ سیریز اپنے نام کی جاسکے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سنیئر بیاٹسمین اور سابق کپتان اظہر علی نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان ٹیم سے توقعات زیادہ ہوگئی ہیں اس لئے دوسرے ٹسٹ میں دبائو پاکستانی ٹیم پر ہوگا۔ پاکستانی کیمپ میں مایوسی ضرور ہے لیکن دوسرا ٹسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کرنا چاہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے دبئی میں جیت کا اچھا موقع گنوادیا۔ لیکن آسٹریلیا کی فائٹ بیک کو بھی کریڈٹ جاتا ہے ۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹسٹ منگل سے شیخ زاید اسٹیڈیم ابوظبی میں شروع ہو رہاہے۔ دبئی ٹسٹ ڈرا ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم نے پہلے پریکٹس سیشن میں شرکت کی۔ پاکستان کا ٹسٹ میں پلہ بھاری رہا تھا لیکن پاکستانی بولر آخری 2 وکٹیں حاصل نہ کرسکے۔ اظہر علی نے کہاکہ میں یہ نہیں کہوںگا کہ دبائو پاکستان پر ہوگا یا آسٹریلیا پر، لیکن پاکستان ہوم ٹیم ہے اس لئے شائقین کو ہوم ٹیم سے زیادہ توقعات وابستہ ہوتی ہیں۔ ابوظبی کے حالات ہمارے فیور میں ہیں۔ ہمیں ان سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ہوم ٹیم کی حیثیت سے ہمیں جیت کا عزم لے کر گرائونڈ میں اترنا ہوگا اور میچ میں کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔ پاکستانی ٹیم کے ریگولر اوپنر امام الحق انگلی میں فریکچر کی وجہ سے دوسرا ٹسٹ نہیں کھیلیںگے۔ ان کی جگہ فخر زمان کو ٹسٹ کیپ دی جائے گی۔ فخر زمان نے ایشیا کپ میں دو صفر کی مدد سے پانچ میچوں میں صرف 56 رن بنائے تھے۔ دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے ۔ میاچ ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق صبح 11:30 بجے سے کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں