چیف منسٹر گجرات کے خلاف لکھنو میں ہزاروں سیاہ غبارے

 اترپردیش کانگریس ورکرس نے چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی کے خلاف دوسرے دن بھی احتجاج جاری رکھا۔ انہوں نے پیر کے دن لکھنو کے حضرت گنج علاقہ میں سیاہ رنگ کے ہزاروں غبارے اڑائے۔ وہ گجرات میں شمالی ہند والوں پر حملہ کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ پولیس نے پیر کے دن کئی کانگریس قائدین اور ورکرس کو پکڑلیا۔ چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی‘ اندرا گاندھی پرتشٹھان جانے جیسے ہی وی آئی پی گیسٹ ہاؤز سے باہر نکلے ‘ سیاہ رنگ کے ہزاروں غبارے فضا میں بلند ہوئے۔ کانگریس ورکرس نے بعدازاں پولیس اسٹیشن میں دھرنا دیا جہاں انہیں رکھا گیا تھا۔ اتوار کو بھی لکھنو پولیس کو کانگریسیوں کو کنٹرول کرنے مشقت اٹھانی پڑی تھی جنہوں نے چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی کو سیاہ جھنڈیاں دکھائی تھیں۔ کانگریس قائدین نے جی پی او کے پاس دھرنا دیا تھا اور بعض نے چیف منسٹر گجرات کے خلاف نعرے لگائے تھے۔ یوپی کانگریس کے جنرل سکریٹری ونود مشرا نے پیر کے دن کہا تھا کہ پارٹی ورکرس ‘ شمالی ہند والوں پر حملہ کے معاملہ میں حکومت گجرات کے خلاف احتجاج کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا تھا کہ ہم روپانی کے خلاف لکھنو میں احتجاج جاری رکھیں گے۔ وجئے روپانی ‘ یوگی آدتیہ ناتھ کو گجرات کا دورہ کرنے کی دعوت دینے لکھنو آئے تھے۔ 31 اکتوبر کو گجرات میں سردار پٹیل کے مجسمہ کی نقاب کشائی ہونے والی ہے۔

جواب چھوڑیں