سرحدی علاقہ میں14 پاکستانی شہری گرفتار

راجستھان میں ضلع شری گنگا نگر کے جیتسر تھانہ علاقہ میں پولیس نے ویزا کی شرائط کی خلاف ورزی کر کے سرحد کی طرف جانے والے 14 پاکستانی شہریوں کو آج گرفتار کرلیا۔انٹیلی جنس ذرائع نے بتایا کہ گرفتار پاکستانی شہری دو کنبے کے افراد ہیں۔ان میں چار خواتین ، آٹھ مرد اور دو بچے ہیں۔ یہ لوگ صبح کالکا ٹرین سے سورت گڑھ پہنچے تھے ، جہاں سے وہ پاکستان سے متصل انوپ گڑھ سرحد کی طرف جا رہے تھے ، راستے میں سورت گڑھ سے ہی انٹلی جنس اہلکار ان کے پیچھے لگ گئے ۔ کچھ ہی دیر بعد انہیں سروپسر ریلوے اسٹیشن پر اتار لیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ شہری اپنے آنجہانی لواحقین کی استھیاں وسرجن کے لئے 13 اکتوبر کو منا باؤ کے راستے 20 دن کا ہری دوار علاقے کا ویزا لے کر آئے تھے ۔ ان کے پاس کسی طرح کے قابل اعتراض مواد نہیں ملے ہیں۔ یہ 15 اکتوبر کو ہری دوار پہنچے اور 17 اکتوبر کو ہری دوار سے واپس مناباؤ جانے کے لئے روانہ ہوئے تھے ۔ لیکن ویزا شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سورت گڑھ میں ٹرین سے اترنے کے بعد نیشنل ہائی وے پار کر کے سر حد کی طرف جانے لگے ۔

جواب چھوڑیں