تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج کے درخواست فارم کی آن لائن خانہ پری کا نظم

تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج کے درخواست فارم کی آن لائن خانہ پری اور وصولی کے لئے حج ہاؤز میں منگل 23 اکتوبر سے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج حج ہاؤز میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا اور کہا کہ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان کی خواہش پر یہ سہولت فراہم کی جارہی ہے جو تمام ایام کار میں باوقات 10:30بجے صبح تا 5:00بجے شام تک مہیا رہے گی‘ سرکاری تعطیلات میں یہ سہولت میسر نہیں ہوگی۔ اس سال ایک فارم میں پانچ افراد کے نام شامل کرنے کی گنجائش مہیا کی جارہی ہے ان کے ساتھ دو شیر خوار بھی شامل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد مسیح اللہ خان کی خواہش پر حج ہاؤز میں ابتداً 8 یا 10کمپیوٹرز نصب کئے جائیں گے اور ضرورت پڑنے پر اس تعداد میں اضافہ کیا جائے گا‘ خواتین کی سہولت کے لئے دو لیڈی آپریٹرز بھی تعینات کی جائیں گی۔ انہوںنے مزید بتایا کہ آن لائن درخواست فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 17نومبر 2018ہے ۔ اور خواہش مند افراد حج ہاؤز کو آتے وقت اپنے ساتھ پاسپورٹ کی کاپی‘ اگر موجودہ پتہ پاسپورٹ میںدرج پتہ سے الگ ہو تو ایڈریس پروف‘ ایک عدد کینسل شدہ چیک یا بینک پاس بک کی کاپی‘ پروسسنگ فیس کی ادائیگی کا چالان اور ایک عدد فوٹو کے علاوہ نامینی کی تفصیلات ساتھ لائیں جن افراد کی عمر 17نومبر 2018کو 70 سال ہوچکی ہو ان کا بغیر قرعہ اندازی کے راست انتخاب عمل میں آئے گا اور ان کے ساتھ ایک رفیق سفر کو رکھنے کی اجازت ہوگی۔ ماہ دسمبر کے آخری ہفتہ میںقرعہ اندازی ہوگی ۔ پاسپورٹ 17 نومبر 2018سے قبل جاری کردہ اور 31 جنوری 2020 تک کارکرد ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال بھی رہائش کے دو زمرے رکھے گئے ہیں۔ گرین زمرہ کو NCTZ سے موسوم کیا گیا ہے یعنی یہ نو کوکنگ نو ٹرانسپورٹ زون رہے گا ۔اس زون میںپرانی بلڈنگیں ہی رہیں گی۔ مدینہ منورہ میں رہائش کے دو خطے رکھے گئے ہیں ایک مرکزیہ زون اور دوسرا آؤٹ سائیڈ مرکزیہ زون۔ انہوں نے کہا کہ 45سال یا اس سے زائد عمر کی چار خواتین بغیر محرم کے درخواست داخل کرسکتی ہیں۔ آن لائن فارم داخل کرنے کے بعد درخواست گذار فارم کی ہارڈ کاپی ضروری دستخطیں کروانے کے بعد مناسب دستاویزات کے ساتھ دفتر حج کمیٹی میں داخل کریں۔ تفصیلات کے لئے فون نمبر 040-23298793 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔

جواب چھوڑیں