راہول گاندھی کا20 اکتوبر کو دورہ تلنگانہ

کانگریس صدر راہول گاندھی، ہفتہ کو ریاست تلنگانہ میں دومختلف مقامات پر عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کریں گے ۔ ریاست میں7 دسمبر کو اسمبلی انتخابات منعقد شدنی ہیں۔ اس سلسلہ میں راہول گاندھی کل ، 20اکتوبر کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے ۔ پارٹی ذرائع نے جمعہ کو یہ بات بتائی ۔ پردیش کانگریس کے سرکاری ترجمان شراون واسوجو کے مطابق راہول گاندھی، کل ہفتہ کو سابق ضلع عادل آباد کے بھینسہ ٹاؤن کے علاوہ کاماریڈی میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے ۔ وہ، ناندیڑ سے بھینسہ پہنچیں گے اور یہاں عوامی جلسہ سے خطاب کرنے کے بعد کاماریڈی جائیں گے اور یہاں جلسہ سے خطاب کے بعد حیدرآباد روانہ ہوں گے جہاں وہ شام میں تاریخی چارمینار کے دامن میں پارٹی پرچم لہرائیں گے اور راجیو گاندھی سدبھاونا ایوارڈ کے پروگرام سے خطاب کریں گے ۔ وہ ، متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے چیف منسٹر اور ٹاملناڈو کے سابق گورنر کے روشیاء کو راجیو گاندھی سدبھاونا ایوارڈ عطا کریں گے ۔ اسمبلی کے انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد راہول کا یہ پہلا دورہ تلنگانہ ہے ۔ الیکشن کمیشن نے 6؍ اکتوبر کو انتخابی شیڈول کا اعلان کیا تھا اور تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات7 دسمبر کو منعقد کرانے کا اعلان کیا تھا ۔ ٹی آر ایس حکومت کی سفارش پر گورنر نے 6 ستمبر کو اسمبلی تحلیل کردی تھی ۔ کانگریس پارٹی نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر تلگودیشم پارٹی، سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔ توقع ہے کہ نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ کو بہت جلدحل کرلیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول کے دورہ کے بعد کانگریس امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی ۔ نمائندہ منصف بھینسہ کے بموجب صدکل ہندکانگریس کمیٹی راہول گاندھی ہفتہ کو بھینسہ میں جلسہ عام کومخاطب کریں گے جس کے انتظامات مکمل کرلیئے گئے ہیں راہول گاندھی ناندیڑسے بذریعہ ہیلی کاپٹر 12:30 بجے بھینسہ پہونچیں گے اورپارڈی بائی پاس روڈ پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ جلسہ کے انتظامات کی نگرانی کل ہند کانگریس کے سکریٹری سرینواس کرشنن کررہے ہیں جبکہ ایس پی جی نے جلسہ گاہ کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے ۔سابق ریاستی وزیر سدرشن ریڈی ، سابق ایم ایل اے ، پٹیل ساجد خان ، بھارگودیش پانڈے،انیل جادو ،صباء کلیم کے علاوہ دیگر نے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ ضلع ایس پی نرمل ششی دھر راجو ،ایس پی جی کے آئی جی صوبے سنگھ یادو واورمرکزی سیکوریٹی ٹیم نے ہیلی کاپٹر کا لینڈنگ ٹرائیل کروایا ۔جلسہ گاہ اور اس کے اطراف اوراکناف کے علاقہ کی سڑکوں پر استقبالی بیانرس اوربڑے بڑے کٹ آوٹس ،فیلکسی نصب کیئے گئے ہیں ۔

جواب چھوڑیں