پاکستان نے سیریز 1-0 سے جیت لی۔عباس کی تباہ کن بولنگ

فاسٹ بولر محمد عباس کی شاندار بولنگ کی مدد سے پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے مقابلہ میں 373 رنوں سے شکست دیکر 2 میاچس کی ٹسٹ سیریز 1-0 سے اپنے نام کرلی۔ ابوظبی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹسٹ کے چوتھے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا کا اسکور ایک وکٹ پر 47 رنز تھا اور انہیں جیت کیلئے مزید 491 رنز درکار تھے۔ پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے اپنی بہترین کارکردگی کو چوتھے روز بھی جاری رکھا اور 36 رنز بنانے والے ٹریوس ہیڈ کو 71 کے مجموعی اسکور پر آوٹ کرکے اپنی ٹیم کو دن کی پہلی کامیابی دلا دی۔ مشل مارش کو بھی محمد عباس نے 77 کے اسکور پر پویلین بھیج دیا جنہوں نے صرف 5 رنز بنائے تھے جس کے بعد 78 رنز پر اوپنر آرون فنچ اور کپتان ٹم پین کی وکٹیں بھی اڑادیں جو اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ تاہم فنچ نے 31 رنز بنائے تھے۔ مشل اسٹارک 27 رنز بناکر آؤٹ ہونے والے چھٹے بلے باز تھے جنہیں یاسر شاہ نے آئوٹ کیا جس کے بعد پیٹر سڈل بھی صرف 3 رنز کا اضافہ کرکے آئوٹ ہوئے۔ محمد عباس نے 43 رنز بنانے والے مارنس لبوشین کو آوٹ کرکے دوسری اننگز میں بھی اپنی 5 وکٹیں مکمل کرکے میچ میں مجموعی طورپر 10 وکٹیں حاصل کیں اور آسٹریلیا کی آٹھویں وکٹ گرادی۔ یاسر شاہ نے 3 رنز بنانے والے ہالینڈ کو حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ کرایا اور آسٹریلیا کی دوسری اننگز 164 رنز پر تمام کردی۔ آسٹریلیا کے ناتھن لیون نے آوٹ ہوئے بغیر 6 رنز بنائے جبکہ پہلے میچ کے ہیرو عثمان خواجہ انجری کے باعث دوسری اننگز میں بیٹنگ کیلئے میدان میں نہیں آسکے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے دوسری اننگز میں بھی 5 وکٹیں حاصل کیں، یاسر شاہ نے 3 جبکہ میرحمزہ کے حصہ میں ایک وکٹ آئی۔ قبل ازیں پاکستان نے گزشتہ روز اپنی دوسری اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 400 رنز پر ڈکلئیرڈ کرکے آسٹریلیا کو 538 رنز کا مشکل ہدف دیا تھا۔ دبئی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹسٹ آسٹریلیا کے عثمان خواجہ کی شاندار بلے بازی کی بدولت بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔ سیریز میں جملہ 20 وکٹس لینے والے فاسٹ بولر محمد کو میان آف دی میاچ اور میان آف دی سیریز قرار دیاگیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میاچس کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا مقابلہ چہارشنبہ 24 اکتوبر کو ابوظبی میں کھیلا جائے گا۔ مختصر اسکور۔ پاکستان پہلی اننگز 282 آل آئوٹ۔ آسٹریلیا پہلی اننگز 145 آل آئوٹ۔ پاکستان دوسری اننگز 400/9 ڈکلیر۔ آسٹریلیا دوسری اننگز 164 آل آئوٹ ۔

جواب چھوڑیں