پچھلی حکومت‘ خاتمہ غربت کیلئے سنجیدہ نہیں تھی:مودی

وزیراعظم نریندرمودی نے جمعہ کے دن پچھلی کانگریس زیرقیادت حکومت پر الزام عائد کیاکہ وہ غربت کے خاتمہ میں سنجیدہ نہیں تھی۔ وہ صرف ایک مخصوص خاندان کے نام کو بڑھاوادینے کیلئے کام کرتی تھی۔ مہاراشٹرا کے ضلع احمدنگر میں مندروں کے مشہورٹاؤن شرڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سبھی کو ساتھ لے کرچلنے کے لئے تفرقہ پسند طاقتوں کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنی اور پچھلی حکومتوں کا فرق اُجاگرکرناچاہا اور کہا کہ موجودہ حکومت غریبوں کو مکان دینے کیلئے تیزی سے کام کررہی ہے۔ پچھلی یوپی اے حکومت نے اپنے اقتدار کے آخری چار سال میں غریبوں کیلئے صرف 25لاکھ مکانات تعمیر کرائے تھے جبکہ موجودہ حکومت نے چار سال میں 1کروڑ25لاکھ مکانات بنائے ہیں۔ انہوں نے دہرایاکہ ان کی حکومت کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ 2022ء تک ملک میں تمام بے گھروں کو مکان مل جائے۔ 2022ء میں ہندوستان کی آزادی کی پلاٹینم جوبلی منائی جائے گی۔ مودی نے پردھان منتری آواس یوجنا کے استفادہ کنندگان سے جو مہاراشٹرا کے مختلف مقامات پر رہتے ہیں ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعہ بات چیت کی اور علامتی طور پر بعض کو مکان کی کنجیاں فراہم کیں۔ مودی نے کہا کہ پچھلی حکومت ایک مکان بنانے کیلئے 18ماہ کا وقت لیتی تھی جبکہ این ڈی اے حکومت 12 سے بھی کم مہینوں میں مکان بنادیتی ہے۔ اگریہی یوپی اے حکومت اب بھی برسرِ اقتدار رہتی تو اسے ایک کروڑ 25لاکھ مکانات تعمیر کرانے کیلئے 20برس لگتے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مکان کا سائز اور مالی امداد بھی بڑھادی۔ اب ہرمکان کیلئے 70ہزار کے بجائے ایک لاکھ 22ہزار روپئے ملیں گے۔ مودی نے مرکز کی آیوش مان بھارت علاج معالجہ اسکیم کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں جاریہ سال بارش کم ہوئی ہے۔ مرکز پردھان فصل بیمہ اسکیم کے ذریعہ امداد فراہم کرے گا۔ مودی نے کہا کہ مہاراشٹرا وہ ریاست ہے جس نے سماجی مصلح پیدا کئے جنہوں نے سماجی ہم آہنگی کو بڑھاوادیا۔ گاندھی خاندان کا نام لئے بغیر مودی نے الزام عائد کیا کہ پچھلی یوپی اے حکومت غریبوں کو مکانات فراہم کرنے کے نام پر صرف ایک خاندان کو بڑھاوا دے رہی تھی۔ مودی ذریعہ طیارہ صبح شرڈی کے نئے ایرپورٹ پہنچے۔ وہاں سے وہ سری سائی باباسنستھان ٹرسٹ گئے ۔انہوں نے سائی بابا کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تعلیمات ہمیں متحدہ سماج بنانے کا منتردیتی ہیں۔ وہ محبت کے ساتھ انسانیت کی خدمت سکھاتی ہیں۔ گورنر مہاراشٹرا سی ایچ ودیاساگرراؤ ‘ چیف منسٹر دیویندرپھڈ نویس ، اسپیکر ہری باؤ باگڑے اور دیگر شخصیتیں اس موقع پر موجود تھیں۔ مودی نے سائی بابامندر میںپوجابھی کی۔

جواب چھوڑیں