میرٹھ میں پولیس سب انسپکٹر کو مار پیٹ، بی جے پی کونسلر گرفتار

بی جے پی کے کونسلر منیش چودھری کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان پر جمعہ کی رات محی الدین پور میں اپنی ریسٹورینٹ میں ایک پولیس سب انسپکٹر اور انچارج کو مار پیٹ کرنے کا الزام ہے۔ سب انسپکٹر سکھ پال پنور میرٹھ ۔ دہرہ دون بائی پاس پر واقع بلیک پیپر ریسٹورینٹ میں ایک خاتون وکیل کے ساتھ گئے تھے اور وہیں یہ واقعہ پیش آیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) اکھلیش کمار نے بتایا کہ ریسٹورینٹ کے مالک نے جو وارڈ نمبر 40 کے بی جے پی کونسلر بھی ہیں ، شہر میں تھے ، انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ فرائض میں کوتاہی برتنے پر ایس آئی کو پولیس لائن بھیج دیا گیا ہے ۔ بی جے پی کونسلر کی جانب سے ایس آئی کو مار پیٹ کے واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ، جس کے نتیجہ میں ریاستی پولیس اور حکمراں بی جے پی کو پشیمانی کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس کے مطابق ایس آئی اور خاتون وکیل تقریباً 8 بجے شب ریسٹورینٹ پہنچے ، تاکہ ایک کیس کے بارے میں تبادلۂ خیال کرسکیں ۔ ایس آئی اس کیس کے تحقیقاتی عہدیدار ہیں۔ خاتون نے ہمیں پینے کی اشیاء کا آرڈر دیا اور جلد سربراہی کی خواہش کی ، تاہم تاخیر ہونے پر وہ برہم ہوگئیں اور اس نے ویٹروں کو ڈانٹ ڈپٹ کی۔ اسی دوران ہوٹل کے مالک جو بی جے پی کے موجودہ کونسلر ہیں ، وہاں پہنچے ۔ اس خاتون اور ہوٹل مالک کے درمیان گالی گلوج ہوئی ۔ ایس آئی نے جب مداخلت کی تو ہوٹل کے مالک نے انہیں مار پیٹ کی اور نیچے گرا دیا ۔ ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ اس واقعہ کے بعد تینوں کو پولیس اسٹیشن لایا گیا۔ خاتون کی شکایت پر ہوٹل مالک کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعہ 395 اور 354 کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ ایس آئی کو بھی فرائض میں کوتاہی برتنے کا خاطی بتایا گیا ، کیوںکہ وہ ایک ایسے وقت اپنی چوکی کے علاقہ سے دور تھا جب ساری ضلع پولیس راون دہن کی ڈیوٹی انجام دینے میں مصروف تھی ۔ اسی لیے اسے پولیس لائن بھیج دیا گیا ۔ ایس آئی نے بھی بی جے پی کونسلر کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔

جواب چھوڑیں