کوہلی‘ اینڈرسن ٹسٹ کے بہترین کھلاڑی برقرار

آسٹریلیا کو دھول چٹانے والے پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس نے آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی جبکہ انہوں نے بہت کم میاچس میں زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کرکے یہ منفرد اعزاز حاصل کیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹسٹ رینکنگ جاری کردی ہے۔ پاکستان کے ابھرتے مایہ ناز فاسٹ بولر محمد عباس نے آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ میاچس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے رینکنگ میں 11 درجے ترقی کرلی ہے۔ محمد عباس نے صرف 10 ٹسٹ میچ میں 800 پوائنٹس حاصل کرنے والے 10 ویں پاکستانی بولر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔ ابوظبی ٹسٹ میں محمد عباس نے 10 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو 373 رنز سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے صرف 10 میاچس میں زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کرکے یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس سے قبل لیگ اسپنر یاسر شاہ بھی 10 مقابلوں میں 800 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے فضل محمود نے 16 ٹسٹ میں عمران خان اور وسیم اکرم نے 37 ٹسٹ میاچس میں، وقار یونس 12، مشتاق احمد 25، شعیب اختر 29 جبکہ محمد آصف اور سعید اجمل نے 19، 19 میاچس میں 800 پوائنٹس حاصل کیے تھے۔ نئی رینکنگ میں پاکستان کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی ترقی کی ہے جن میں آف اسپنر بلال آصف شامل ہیں جو 17 درجے ترقی کرکے 52 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بلے بازوں میں کپتان سرفراز احمد نے 17 درجے ترقی کی۔ انہوں نے ابوظبی ٹسٹ میں 94 اور 81 رنز کی اننگز کھیلیں تھیں۔ اوپنر فخر زمان 68 ویں، بابر اعظم 76 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ آئی سی سی رینکنگ میں ہندوستان پہلے اور پاکستان 7 ویں نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا پر فتح سے گرین شرٹس کو 7 پوائنٹس حاصل ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب کینگروز کی تیسری سے پانچویں پوزیشن پر تنزلی ہوگئی ہے۔ رینکنگ میں چھٹا نمبر پاکستان کی دسترس میں آنے لگا ہے اور سری لنکا سے صرف 2 پوائنٹس کا فرق باقی رہ گیا ہے۔ بلے بازوں میں ویراٹ کوہلی بدستور نمبر ون ہیں جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں میں سب سے اوپر اظہر علی ہیں جو 17 ویں پوزیشن پر ہیں۔ بولرز میں انگلینڈ کے جیمس اینڈرسن سرفہرست جبکہ محمد عباس تیسرے نمبر پر ہیں۔ آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش شکیب الحسن پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

جواب چھوڑیں