چندرابابونائیڈو کی تلنگانہ ٹی ڈی پی قائدین سے ملاقات

اے پی کے چیف منسٹر و تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرابابونائیڈو نے آج حیدرآباد میں واقع پارٹی ہیڈ کوارٹرس این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے لیڈروں،پولٹ بیورو ارکان،مرکزی کمیٹی کے ارکان کے ساتھ ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے پولٹ بیورو کے ارکان کے ساتھ تقریبا دیڑھ گھنٹہ تک بات چیت کی۔انہوں نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے سلسلہ میں مختلف ہدایتیں پارٹی کے لیڈروں کو دی ۔اس ملاقات کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ چندرابابونائیڈو کی تلگودیشم پارٹی تلنگانہ میں حکمران جماعت ٹی آرایس کے خلاف کانگریس کی جانب سے تشکیل دیئے جانے والے عظیم اتحاد کا حصہ ہے ۔اس اجلاس میں پارٹی کی جانب سے کتنے حلقوں پر امیدوار ٹہرائے جائیں ، اس پر بھی بات چیت ہوئی۔کوکٹ پلی،سیری لنگم پلی اسمبلی حلقوں کے سلسلہ میں پارٹی کے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیئے جانے کی اطلاع ملی ہے ۔انہوں نے تلنگانہ میں پارٹی کی انتخابی مہم اور نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر بھی اس اجلاس میں تفصیلی طورپر تبادلہ خیال کیا۔تلنگانہ تلگودیشم کے صدر ایل رمنا نے چندرابابونائیڈو کو عظیم اتحاد کی تشکیل اور اس اتحاد میں نشستوں کی تقسیم کی صورتحال سے تفصیلی طورپر واقف کروایا۔تلگودیشم نے قبل ازیں مانگ کی تھی کہ کانگریس اس کے لئے 30نشستیں چھوڑ دے تاہم سمجھا جاتا ہے کہ کانگریس اس کی نصف نشستیں تلگودیشم کو دینا چاہتی ہے ۔تلگودیشم کے لیڈران اس بات کی خواہش کر رہے ہیں کہ جن علاقوں میں تلگودیشم مستحکم موقف رکھتی ہے ، ان حلقوں سے اس کو ٹکٹ دیا جائے ۔

جواب چھوڑیں