آسٹریلیا۔جنوبی افریقہ کے درمیان آج دوسرا ونڈے

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا دوسرا ونڈے کل اڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ 3 میاچس کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو 1-0 کی سبقت حاصل یہ جس نے پہلے مقابلہ میں 6 وکٹس سے جیت حاصل کی تھی۔ افتتاحی مقابلہ میں آسٹریلیا کا ٹاپ آرڈر حریف بولرس کے سامنے بری طرح ناکام ثابت ہوا تھا۔ کل ہونے والے مقابلہ میں کپتان آرون فنچ کے علاوہ ٹراویس ہیڈ‘ ڈی آرسی شارٹ‘ کریس لین‘ گلین میکسویل اور مارکس اسٹاونس کو بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا تاکہ خود کو سیریز میں برقرار رکھ سکیں۔ پاکستان کے خلاف 3 میاچس کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مکمل صفائے کے بعد آسٹریلوی بلے باز خود کو جنوبی افریقہ کے خلاف بھی سنبھالنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ اسٹیو اسمتھ اور ڈیویڈ وارنر کی پابندی کے بعد سے کنگاروئوں کو مشکل صورتحال کا سامنا ہے خاص طورپر بلے بازی کے شعبہ میں آسٹریلیا مسلسل ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ تاہم بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر مشل اسٹارک اور پیاٹ کیومنس کی واپسی سے بولنگ کا شعبہ کسی قدر مستحکم ہوا ہے۔ جوش ہیزلووڈ‘ ناتھن کوالٹر۔ نائیل اور مارکس اسٹاونس نے بھی کسی قدر بہتر بولنگ کی تھی۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کھیل کے تمام تینوں شعبوں میں بہتر مظاہرہ کررہے ہیں۔ بولنگ کے شعبہ میں ڈیل اسٹین‘ لنگی نیگڈی‘ کاگیسو ربادا‘ فیلووکوایو اور عمران طاہر نے پہلے میاچ میں متاثرکن بولنگ کی تھی۔ بیاٹنگ کے شعبہ میں اوپنر ڈی کاک اور ہینڈرکس نے بہتر شروعات کے ذریعہ کامیابی میں اہم رول ادا کیا جبکہ مڈل آرڈر میں مارکرام‘ کپتان ڈوپلسی‘ ڈیویڈ ملر اور ہنریچ کلاسین بھی بہترین فام میں ہیں۔ افریقہ کے کپتان ڈوپلسی نے کہاکہ وہ اپنے بہتر مظاہرہ کو برقرار رکھتے ہوئے کل ہی سیریز جیتنے کی ہرممکن کوشش کریںگے۔ میاچ ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق صبح 8:50 بجے سے شروع ہوگا۔

جواب چھوڑیں