غیرملکی کھلاڑیوں سے متعلق تبصرہ‘ کوہلی پر مداحوں کی تنقید

ٹیم انڈیا کے کپتان ویراٹ کوہلی ایک بڑے تنازعہ میں گھرتے نظر آرہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اپنا ایک ایپ لانچ کیاہے جس پر ایک تبصرہ میں انہوں نے کہاکہ جن ہندوستانیوں کو دوسرے ملک کے کھلاڑی پسند ہیں، انہیں ملک چھوڑ دینا چاہئے۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر نہ صرف کوہلی جم کر ٹرول ہو رہے ہیں بلکہ ان کی حب الوطنی پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں۔ دراصل ایک مداح نے انسٹا گرام پر کوہلی کے بارے میں لکھا ’ اوور ریٹیڈ بلے باز ہیں، مجھے ان کی بلے بازی میں کچھ خاص نظر نہیں آتا، میں ہندوستانیوں سے زیادہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بلے بازوں کو دیکھنا پسند کرتاہوں‘۔ اس کے جواب میں ویراٹ کوہلی نے یہ بات کہی۔ اب کرکٹ شائقین کوہلی کو اس تبصرہ کیلئے سوشل میڈیا پر کافی کھری کھوٹی سنارہے ہیں۔ کئی لوگوں نے لکھا کہ ویراٹ کوہلی تم کسی کو ملک سے باہر بھیجنے والے کون ہوتے ہو جبکہ ٹویٹر پر سال 2008 کا ایک ویڈیو جم کر وائرل ہورہا ہے جس میں انڈر۔19 ورلڈ کپ میں اپنے انٹرویو میں ویراٹ کوہلی بتارہے ہیں کہ ان کے پسندیدہ کرکٹر جنوبی افریقہ کے اسٹار بلے باز ہرشل گبس ہیں۔

جواب چھوڑیں