نیرؤ مودی ’’اشتہاری مجرم‘‘گجرات کی عدالت کا فیصلہ

 گجرات کی ایک عدالت نے آج ہیروں کے مفرور تاجر نیرؤ مودی کو 52 کروڑ روپے کے کسٹم ڈیوٹی چوری کیس میں ’’اشتہاری مجرم‘‘ قراردیا۔ یہ کیس مارچ میں درج کرایا گیا تھا ۔عدالت نے نیرؤمودی کو 15 نومبر کو حاضر ہونے کا حکم دیا۔ مہاراشٹرا اور گجرات کے مختلف اخبارات کو ایک اعلان ِ عام جاری کیا گیا اور حکومت اور پولیس کے محکموں کو بھیجا گیا جس میں نیرؤ مودی کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 82کے تحت اشتہاری مجرم قراردیا گیا جس کے نتیجہ میں اس کے لئے پیشگی ضمانت حاصل کرنا دشوار ہوجائے گا ۔ سورت میں چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ بی ایچ کپاڈیہ نے محکمہ کسٹمس کی 8 اگست کو داخل کردہ ایک درخواست کو قبول کرلیا اور ہیروں کے تاجر کو جو پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) کے 13500 کروڑ روپے فراڈ کیس کا کلیدی ملزم بھی ہے‘ آئندہ جمعرات کو عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا۔ ڈپٹی کسٹمس کمشنر آر کے تیواری نے اگست میں نیرؤ مودی اور اس کی کمپنیوں فائر اسٹار ڈائمنڈ انٹرنیشنل پرائیوٹ لمیٹڈ‘ فائر اسٹار انٹرنیشنل پرائیوٹ لمیٹڈ اور رادھار شیر جیولری کمپنی پرائیوٹ لمیٹڈ کے خلاف درخواست داخل کی تھی جس میں ٹیکس کی بھاری رقم پر تنازعہ کی شکایت کی گئی تھی۔

جواب چھوڑیں