پاکستان۔نیوزی لینڈ کے درمیان آج دوسرا ونڈے

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا میاچ کل کھیلا جائے گا۔ 3 میاچس کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 1-0 کی سبقت حاصل ہے جس نے پہلا ونڈے 47 رن سے جیتاتھا۔ کل کھیلے گئے پہلے میاچ میں نیوزی لینڈ نے روس ٹیلر کی ذمہ دارانہ بیاٹنگ اور میان آف دی میاچ ٹرینٹ بولٹ کی شاندار ہیٹ ٹرک کی مدد سے شکست دی تھی۔ پاکستان کو جیت کیلئے 267 رنوں کی ضرورت تھی تاہم اس کی پوری ٹیم 47.2 اوورس میں 219 رن بناکر آئوٹ ہوگئی۔ پاکستان کی شروعات ٹھیک نہیں رہی اور اس نے صرف 8 کے مجموعی اسکور پر اپنے 3 وکٹس گنوادیئے۔ بولٹ نے مسلسل تین گیندوں پر فخر زمان‘ بابراعظم اور محمد حفیظ کی وکٹیں حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو بڑا دھکا پہنچایا۔ ٹرینٹ بولٹ ونڈے میں ہیٹ ٹرک کرنے والے نیوزی لینڈ کے تیسرے بولر بن گئے۔ ان سے قبل ڈینی موریسن اور شین بانڈ نے یہ کارنامہ انجام دیاتھا۔ اس کے بعد دوسری اوپنر امام الحق اور شعیب ملک نے ٹیم کو کچھ سہارا دیا اور ٹیم کو 71/4 تک پہنچایا تاہم اس کے امام الحق اور شعیب ملک ایک کے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔ امام الحق نے 34 جبکہ شعیب ملک نے 30 رن بنائے۔ پاکستان نے ایک موقع پر 85 پر 6 وکٹس گنوادیئے تھے تاہم اس کے بعد کپتان سرفراز احمد اور عماد وسیم نے ساتویں وکٹ کیلئے 103 رنوں کی شراکت داری کرتے ہوئے کچھ امید جگائی تاہم سرفراز 64 اور عمام وسیم 50 رن پر اپنی وکٹیں گنوابیٹھے جبکہ حسن علی بھی 16 رن پر آئوٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور لوکی فرگوسن نے 3,3‘ کولن ڈی گرانڈہوم نے 2 جبکہ ٹم ساوتھی اور اش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے روس ٹیلر اور ٹام لیتھم کی نصف سنچریوں کی مدد سے 266 رن بنائے۔ نیوزی لینڈ نے اپنے پہلے 3 وکٹس 78 کے مجموعی اسکور پر گنوادئے تھے تاہم اس کے بعد ٹیلر اور لیتھم نے چوتھی وکٹ کیلئے 130 رنوں کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم موقف میں پہنچایا۔ ٹیلر نے 112 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 80 جبکہ لیتھم نے 64 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 68 رن اسکور کئے۔ آخری اوورس میں ٹم ساوتھی اور اش سوشھی نے بھی شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو ڈھائی سو سے آگے پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔ دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر کولن منرو 29‘ کپتان ولیمسن 27‘ ٹم ساوتھی 20 اور اش سودھی نے 24 رن اسکور کئے۔

جواب چھوڑیں