کانگریس امیدواروں کی فہرست کو قطعیت نہیں دی گئی : اتم کمار ریڈی

صدر پردیش کانگریس این اتم کمار ریڈی نے کہا ہے کہ کانگریس امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں مشاورت کا عمل ہنوز جاری ہے ۔ تاحال امیدواروں کے ناموں پر قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ بعض نیوز چیانلس، اخبارات اور سوشل میڈیا پر کانگریس امیدوار کی جو فہرست شائع کی جارہی ہے وہ فرضی ہے ۔ ابھی تک قطعی فہرست جاری نہیں کی گئی ہے ۔ جو فہرست میڈیا میں گشت کررہی ہے وہ فرضی ہے کانگریس کارکن اور امکانی امیدوار اس پربھروسہ نہ کریں ۔اتم کمار ریڈی نے آج نئی دہلی سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس امیدواروں کی فہرست کو آج رات تک قطعیت دی جائے گی ۔ اور جمعہ9 نومبر کو امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائے گی ۔ انہوںنے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ سرکاری طور پر پارٹی کی جانب سے امیدواروں کے ناموں کے اعلان تک فرضی فہرست پر بھروسہ نہ کریں اور کسی تشویش میں مبتلا نہ ہوں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ اتم کمار ریڈی اور دیگر قائدین گذشتہ تین روز سے نئی دہلی میں مقیم ہیں۔اس دوران فہرست کی اجرائی میں تاخیر پر کانگریس ٹکٹ کے دعویداروں میں تجسس پایا جاتا ہے اور جن قائدین کو پارٹی ٹکٹ ملنے کی قوی امید ہے وہ اپنے حلقوں میں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ جن حلقوں پر ایک سے زائد دعویدار ہیں وہ اپنی امیدواری کے اعلان کیلئے بے چین ہیں۔ اور جو دعویدار ٹکٹ سے محروم ہوں گے وہ احتجاج پر اتر آئیں گے۔ امکانی احتجاج ، دھرنا اور مظاہروں کے پیش نظر گاندھی بھون پر پولیس کی سیکوریٹی کو بڑھا دیا گیا ہے ۔ تلگودیشم کو جو حلقہ جات مختص کرنے کا امکان ہے ان میں شیر لنگم پلی ، راجندر نگر، ملکاجگیری، ملک پیٹ اور چارمینار شامل ہیں۔ ان حلقوں میں کانگریس کے دعویداروں کو ٹکٹ نہ ملنے پر وہ اور ان کے حامیوں کی جانب سے پارٹی قیادت کیخلاف شدید احتجاج منظم کریں گے ۔ کئی امیدوار کے حامیوں نے ان کے قائدین کو ٹکٹ نہ ملنے پر خودکشی کی دھمکی بھی دی ہے ۔

جواب چھوڑیں