امریکہ میں پیدائش سے متعلق ٹرمپ کی سازش پر میں انہیں معاف نہیں کرسکتی: مشیل اوباما

 امریکہ کی سابق خاتون اول مشیل اوباما نے ان کے شوہر بارک اوباما کے خلاف ایک مرتبہ ان کی پیدائش کی سازش پھیلانے پر صدر ٹرمپ پر کڑی تنقید کی۔ ’’بی کمنگ‘‘ نام سے یادوں پر مشتمل کتاب کے ایک اقتباس کے بموجب مشیل اوباما جنہوں نے یہ کتاب تحریر کی ہے کہا کہ وہ ٹرمپ کے اس غیر ملکی بیزاری کے ادعا کو کبھی معاف نہیں کرسکتیں جس کے تحت ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان کے شوہر در حقیقت امریکہ میں پیدا نہیں ہوئے۔ ہل میگزین نے یہ اطلاع دی۔ مشیل اوباما نے کہا اگر کوئی غیر متوازن ذہن رکھنے والا بندوق میں گولیاں بھر کے واشنگٹن جائے تو کیا ہوگا۔ اگر وہ شخص ہماری لڑکیوں کو گھورنے لگے تو کیا ہوگا۔ انہوں نے لاپرواہی سے میری فیملی کی حفاظت کو جوکھم میں ڈال دیا تھا اور اس کیلئے میں انہیں کبھی معاف نہیں کرسکتی۔ یہ کتاب جس کی اجرائی 13نومبر کو ہوگی اس میں مشیل اوباما کی شکاگو میں ابتدائی زندگی سے لے کر ان کے خاتون اول بننے تک کی تفصیلات اور واقعات ہیں۔ 2016میں ٹرمپ صدر منتخب ہونے کے بعد مشیل اوباما کو ہوئی تکلیف اور ناقابل یقین کیفیت کے احساسات بھی اس میں شامل ہیں۔ اس کتاب میں کی گئی دیگر تنقیدوں میں خواتین کے بارے میں اب بدنام زمانہ اکسیس ہالی ووڈ سے متعلق ٹرمپ کے تبصروں کا ذکربھی کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں