انتخابی مہم میں غیر شائستہ الفاظ کا استعمال ناقابل برداشت: رجت کمار

چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ ڈاکٹر رجت کمار نے انتخابی مہم کے دوران سیاسی قائدین کی ایک دوسرے کے خلاف بدکلامی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن سخت کاروائی کرے گا ۔ انہوںنے تمام سیاسی قائدین کو بدکلامی اور غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کرنے پر سخت کاروائی کا انتباہ دیا ۔ ہدایت کے باوجود اگر کوئی اپنے رویہ کو تبدیل نہیں کرے گا تو اُس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور مذکورہ سیاسی قائد کے خلاف آئی پی سی اور سی آر پی سی کے تحت عدالت میں کیس درج کیا جائے گا ۔ رجت کمار نے کہا کہ ٹی آر ایس کے سینئر لیڈر وکارگذار وزیر ٹی ہریش راؤ اور حلقہ گجویل کے مہا کوٹمی کے متوقع امیدوار وی پرتاپ ریڈی کو نوٹسیں جاری کی گئی ہیں ان دونوں پر سخت اور ترش لہجے میں بات کرنے اور غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کرنے کا الزام ہے ۔ ٹی آر ایس اور مہا کوٹمی قائدین نے اس سلسلہ میں ایک دوسرے کے خلاف شکایتیں داخل کی تھیں ان شکایتوں کی بنیاد پر ہریش راؤ اور پرتاپ ریڈی کو نوٹسیں جاری کی گئی ہیں۔ اور ان دونوں کو اندرون2یوم جواب داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے آج یہاں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرچہ نامزدگیوں کے ادخال سے متعلق12نومبر کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ اس دن سے پرچہ نامزدگیاں داخل کی جاسکتی ہیں۔ امیدواروں کو پرچہ نامزدگی کے ساتھ مجرمانہ سرگرمیوں کی تفصیلات سے متعلق حلف نامہ بھی داخل کرنا ہوگا ، اور انہیں سرکاری کوارٹرس کے واجبات اور مالیاتی اداروں کے بقایہ جات کے بارے میں بھی تحریری طور پر اعلان کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کا دوسرا مرحلہ آج اختتام کو پہنچا ۔ اس مرحلہ کے دوران3,50,962 رائے دہندوں نے درخواستیں داخل کیں جن میں سے1,52,115 درخواستوں کی یکسوئی کرتے ہوئے 13,326 درخواستوں کو مسترد کردیا گیا جبکہ1,84,521 درخواستیں زیر التواء ہیں ۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے مزید بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اب تک64.36 کروڑ روپے ،5.16 کروڑ مالیت کی 2,18,216 لیٹر شراب کو ضبط کرلیا گیا ہے۔اس کے علاوہ تشدد کے تین معاملہ سامنے آئے ہیں جن میں16 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔

جواب چھوڑیں