انگلینڈ نے پہلا ٹسٹ 211 رنوں سے جیت لیا

کیریر کا پہلا میاچ کھیلنے والے وکٹ کیپر بلے باز بن فوکس کی شاندار سنچری اور معین علی کے 8 وکٹوں کی مدد سے انگلینڈ نے پہلے ٹسٹ میاچ میں میزبان سری لنکا کو 211 رنوں کے واضح فرق سے شکست دے دی۔ اس طرح انگلش ٹیم کو 3 میاچس کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل ہوگئی۔ سری لنکا کو جیت کیلئے دوسری اننگز میں 462 رنوں کی ضرورت تھی تاہم اس کی پوری ٹیم 250 رن بناکر آئوٹ ہوگئی۔ میزبان ٹیم کیلئے سابق کپتان انجیلو میتھیوز نے سب سے زیادہ 53 رن بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر کوشال سلوا 30‘ کرونارتنے 26‘ دھننجیا ڈی سلوا 21‘ کوسال منڈس 45‘ وکٹ کیپر ڈکویلا 16 اور دلرووان پریرا 30 رن بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ سورنگا لکمل 14 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ میتھیوز اور کوسال منڈس چوتھی وکٹ کیلئے 46 رنوں کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو بہتر موقف میں پہنچانے کی کوشش کی تاہم دیگر بلے باز انگلش بولرس خاص طورپر آل رائونڈر معین علی کے آگے بے بس نظر آئے۔ معین علی نے دونوں اننگز میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے میاچ میں جملہ 8 وکٹس حاصل کئے۔ جیک لیچ نے دوسری اننگز میں 3 جبکہ عادل راشد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح میزبان ٹیم کے تجربہ کار اور مرلی تھرن کے بعد کامیاب اسپنر کا اعزاز رکھنے والے رنگنا ہیراتھ کے ٹسٹ کیریر کا اختتام ناقص انداز میں ہوا۔ واضح رہے کہ ہیراتھ نے پہلے ٹسٹ کے آغاز سے قبل ہی اعلان کیاتھا کہ وہ افتتاحی مقابلہ کے بعد ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہو جائیں گے ۔ پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز بن فوکس کو میان آف دی میاچ قرار دیاگیا۔ سیریز کا دوسرا میاچ 14 تا 18 نومبر پالی کیلے میں کھیلا جائے گا۔ مختصر اسکور۔ انگلینڈ پہلی اننگز 342 آل آئوٹ۔ سری لنکا پہلی اننگز آل آئوٹ۔ انگلینڈ دوسری اننگز 322/6 ڈکلیر۔ سری لنکا دوسری اننگز 250 آل آئوٹ ۔

جواب چھوڑیں