اُردو یونیورسٹی میں آزاد واک کا انعقاد

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں یوم آزاد تقاریب کے سلسلے میں آج شام 4 بجے آزاد واک کا اہتمام کیاگیا۔ ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار نے واک کو جھنڈی دکھائی۔ واک کا مقصد طلبہ میں مولانا ابوالکلام آزاد اور ان کے افکار کے علاوہ تعلیم کے تئیں شعور بیداری اور مولانا کی جدو جہد آزادی میں کی گئیں کاوشوں کو یاد کرناہے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے 11؍ نومبر کو مولانا کے یوم پیدائش کے موقع پر قومی یومِ تعلیم منایا جاتا ہے۔ واک کا آغاز یونیورسٹی این ایس ایس آفس سے ہوا جو یونیورسٹی کے باب الداخلہ تک پہنچ کر وہاں سے اوپن ایئر تھیٹر واپس ہوئی۔ تقریباً 200 طلبہ بالخصوص این ایس ایس والینٹرس نے اس میں حصہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے این ایس ایس پروگرام کو آرڈینیٹر اور واک کے کنوینر ڈاکٹر محمد فریاد نے کہا کہ ان ایام میں بڑی بڑی ہستیاں پیدا ہوئیں جیسا کہ 9؍ نومبر کو علامہ اقبالؒ، 10؍ نومبر کو اولین مجاہد آزادی ٹیپو سلطانؒ اور 11؍ نومبر کو ممتاز ترین مجاہد آزادی اور آزاد ہندوستان کی تعلیم کے سب سے بڑے معمار مولانا ابوالکلام آزاد کی یومِ پیدائش ہے۔ آپ کو آگے بڑھنا ہے اور انہی ہستیوں کی طرح اپنا نام روشن کرنا ہے۔عابد عبدالواسع، پبلک ریلیشنز آفیسر و کنوینریوم آزاد تقاریب کمیٹی نے کہا کہ یوم آزاد تقاریب کے اہتمام کا مقصد مولانا ابوالکلام آزاد جیسی قد آور ہستی کو محض یاد کرنا نہیں ہے بلکہ ان کے افکار، انتھک جدو جہد سے سبق لیتے ہوئے اپنی زندگیوں کو سنوارنا ہے۔ کیونکہ زندگی ایک بار ملتی ہے اسے ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر محمد یوسف خان، ڈاکٹر افروز عالم، ڈاکٹر عرفان احمد، محمد سراج اور عاطف، ڈاکٹر وسیم راجہ و دیگر نے انتظامات میں حصہ لیا۔ اتوار 11؍ نومبر کو 11 بجے دن یونیورسٹی کے باب الداخلہ سے آزاد رن کا اہتمام کیا جائے گا۔ این ایس ایس پروگرام کو آرڈینیٹر ڈاکٹر محمد فریاد اس کے کنوینر ہیں۔ شام میں 6 بجے سے ثقافتی پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا۔ معراج احمد، اسسٹنٹ پروفیسر ایم سی جے اس کے کنوینر ہیں۔

جواب چھوڑیں